کاروانِ خیر سگالی و قومی یکجہتی '' میں شامل طلباوطالبات کا آرمی میوزیم کا مطالعاتی دورہ

جمعہ 1 دسمبر 2023 23:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2023ء) ادارۂ نظریۂ پاکستان کی دعوت پر کاروانِ خیر سگالی و قومی یکجہتی کے تحت چاروں صوبوں' گلگت بلتستان اور آزادکشمیر سے لاہور کے مطالعاتی دورہ پر آئے ہوئے طلباوطالبات نے آرمی میوزیم لاہور کا مطالعاتی دورہ کیا۔ طلباوطالبات کو آرمی میوزیم کی تاریخ بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس میوزیم کی تعمیر کا آغاز 2015 میں ہوا اور اسے دو سال کی مختصر مدت میں مکمل کر لیا گیا ۔

یہ میوزیم تحریک آزادی' پاک فوج کی شجاعت وقربانیوں اور ان شہدا کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اس پاک سرزمین کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ اس میوزیم کا مقصد تاریخ سے متعلق آگہی اور معلومات فراہم کرنا ہے۔ دورہ کے دوران طلباوطالبات نے میوزیم میں نشان حیدر گیلری، سیاچن محاذ پر دفاع، دہشتگردی کیخلاف جنگ، قائداعظم، تحریک پاکستان، شہدائے پاکستان اور کشمیر کارنر کے قائم کردہ شعبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

میوزیم میں بھارت کے ساتھ لڑی گئی 1965 اور 1971 کی جنگوں کے مناظر،دشمن سے مقابلوں ، سیاچن محاذ سمیت جنگوں کے دوران قبضے میں لئے گئے دشمن کے جنگی سازوسامان کو دیکھ کر طلبا وطالبات نے پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ آرمی میوزیم کے بیرونی حصے میں موجود ٹینک ،ہیلی کاپٹر، جنگی جہاز اور 1971 کی جنگ میں پکڑے گئے بھارتی ٹینکوں پر بیٹھ کر طلباوطالبات نے تصاویر بھی بنوائیں۔ اس موقع پر طلبہ کا جوش وخروش دیدنی تھا ، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔ ہم اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور بڑے ہو کر آرمی میں شمولیت اختیار کر کے اس پاک وطن کے دفاع کیلئے اپنا تن من دھن قربان کردیں گے۔