امریکہ میں اسرائیلی قونصل خانے کے باہر ایک شخص کی خودسوزی کی کوشش

خود کو آگ لگانے والے کو بچانے کے لیے آگے بڑھنے والا ایک سکیورٹی گارڈ بھی اس دوران زخمی ہو گیا،رپورٹ

ہفتہ 2 دسمبر 2023 13:56

امریکہ میں اسرائیلی قونصل خانے کے باہر ایک شخص کی خودسوزی کی کوشش
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2023ء) فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی بمباری اور غزہ میں اب تک پندرہ ہزار سے زائد کی تعداد کو چھو چکی ہلاکتوں کے خلاف امریکی شہر اٹلانٹا میں غیر معمولی احتجاجی منظر سامنے آیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اٹلانٹا میں اسرائیلی قونصل خانے کے باہر احتجاجا ایک شہری نے خود کو آگ لگا لی۔

اسرائیلی بمباری کے خلاف خود سوزی کی کوشش کرنے والے شہری کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ اس دوران خود کو آگ لگانے والے کو بچانے کے لیے آگے بڑھنے والا ایک سکیورٹی گارڈ بھی اس دوران زخمی ہو گیا۔پولیس چیف نے ایک نیوز کانفرنس میں خود سوزی کی کوشش کرنے والے کے بارے میں بتایا ہے کہ اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ تاہم اس کی حالت نازک ہے۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کے مطابق اسے بچانے کے لیے آگے بڑھنے والے زخمی کے بارے میں کچھ معلومات نہیں ہیں کہ اس کی حالت کیسی ہے۔

پولیس حکام نے اپنی نیوز کانفرنس میں اس بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے کہ اسرائیلی قونصل خانے کے باہر سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں خود سوزی کی کوشش کرنے والے کو ایسا موقع کیسے مل گیا۔پولیس کے سربراہ نے کہا کہ البتہ قونصل خانے کی عمارت مکمل محفوط ہے اور اس کے لیے کوئی خطرے والی بات نہیں۔ پولیس سربراہ کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی سیاسی اقدام تھا۔

خد سوزی کرنے والا شخص بارہ بج کر سترہ منٹ پر قونصل خانے کی بلڈنگ کے باہر پہنچا۔ اس بلڈنگ میں قونصل خانے کے علاوہ اور بھی کئی کاروباری دفاتر ہیں۔فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے بتایا کہ وہ مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ تاہم واشنگٹن میں موجود اسرائیل کے سفارت خانے اور اٹلانٹا میں موجود قونصل خانے کے حکام نے اس معاملے پر کسی بھی قسم کے فوری تبصرے سے انکار کیا ہے۔