محمد حفیظ کی بطور ڈائریکٹر قومی کرکٹ ٹیم تعیناتی پی سی بی کے گلے پڑ گئی

مبینہ طور پر حفیظ کو ذکاء اشرف کی ہدایت پر اس عہدے پر تعینات کیا گیا، انکی تعیناتی سے قبل نہ اس خالی آسامی کو مشتہر کیا گیا، نہ امیدوار آئے، نہ انٹرویو وغیرہ کی کارروائی ہوئی بلکہ پہلے تعیناتی کی گئی ،بعد میں خالی آسامی مشتہر کر دی گئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 2 دسمبر 2023 14:01

محمد حفیظ کی بطور ڈائریکٹر قومی کرکٹ ٹیم تعیناتی پی سی بی کے گلے پڑ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 دسمبر 2023ء ) سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ کی قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر کے طور پر تعیناتی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے گلے پڑ گئی۔ نیوز ویب سائٹ ’پرو پاکستانی‘ کے مطابق محمد حفیظ کی اس تعیناتی کو غیرقانونی قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس میں ضابطے کی کارروائی نہیں کی گئی جو کہ بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کی ہدایات کی خلاف ورزی ہے۔

بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کی واضح ہدایات ہیں کہ پی سی بی میں کوئی بھی اہم تعیناتی ضابطے کی کارروائی کے بغیر نہیں کی جائے گی۔ اب پی سی بی کی طرف سے محمد حفیظ کو ٹیم کا ڈائریکٹر تعینات کرنے کے بعد اس آسامی کے خالی ہونے کا اشتہار دے دیا گیا ہے، جس سے پی سی بی ایک نئے تنازعے کی زد میں آ گیا ہے۔ اشتہار کے مطابق امیدواروں کو ٹیم ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے دستاویزات جمع کرانے کے لیے 15 دسمبر تک کا وقت دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ کی تعیناتی کے بعد اس خالی آسامی پر بھرتی کا اشتہار دیئے جانے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں اور محمد حفیظ کی تعیناتی کو غیرقانونی قرار دیا جا رہا ہے۔ مبینہ طور پر محمد حفیظ کو ذکاء اشرف کی ہدایت پر اس عہدے پر تعینات کیا گیا۔ ان کی تعیناتی سے قبل نہ اس خالی آسامی کو مشتہر کیا گیا، نہ ہی امیدوار آئے اور نہ ہی انٹرویو وغیرہ کی کارروائی ہوئی بلکہ پہلے تعیناتی کی گئی اور بعد میں خالی آسامی مشتہر کر دی گئی۔