سعودی عرب والے غیر معمولی سردی کے موسم کیلئے تیار ہو جائیں

بارشیں ہی بارشیں ہوں گی، سعودی ماہرین موسمیات نے موسم سرما کے دوران مملکت میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشن گوئی کر دی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 2 دسمبر 2023 20:54

سعودی عرب والے غیر معمولی سردی کے موسم کیلئے تیار ہو جائیں
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 دسمبر2023ء) سعودی عرب والے غیر معمولی سردی کے موسم کیلئے تیار ہو جائیں، بارشیں ہی بارشیں ہوں گی، سعودی ماہرین موسمیات نے موسم سرما کے دوران مملکت میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشن گوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق دسمبر کی آمد پر جہاں دنیا کے بیشتر ممالک میں موسم سرد ہو چکا، وہیں گرم موسم کے لیے مشہور سعودی عرب کے شہریوں کو بھی غیر معمول سرد موسم کی نوید سنائی گئی ہے۔

سعودی محکمہ موسمیات نے رواں سال موسم سرما کے دوران مملکت میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ سعودی عرب کے محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال موسم سرما کے دوران مملکت میں دیگر برسوں کے مقابلے میں زیادہ اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق اس سال سعودی عرب میں موسم سرما میں اوسط درجہ حرارت معمول سے ڈیڑھ ڈگری سے دو ڈگری تک زیادہ رہے گا۔

(جاری ہے)

مملکت کے بیشتر علاقوں میں یہی صورتحال ہوگی۔ اسی باعث اس سال موسم سرما میں بارش معمول سے زیادہ ہوں گی۔ خصوصاً دسمبر میں بارش کا تناسب 50 فیصد تک زیادہ ہو سکتا ہے۔ سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق موسم سرما میں مملکت کے شرقیہ ریجن، قصیم، مدینہ اور حائل میں خاص طور پر زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ موسم سرما کے دوران زیادہ بارشوں والے علاقوں میں سردی کی شدت غیر معمولی رہ سکتی ہے۔

دوسری جانب مملکت کے بیشترعلاقوں میں پیر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ الباحہ، مکہ مکرمہ ،مدینہ منورہ، حائل، تبوک، الجوف اورحدود شمالیہ ریجن بارش کے سلسلے سے متاثر ہوں گے۔ بارش کے ساتھ گردو غبار اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔