وزیراعظم آزاد کشمیر گزشتہ چھ ماہ کے دوران خرچ کیے گئے اکیس ارب میں سے دارالحکومت کے ترقیاتی فنڈز کا حساب دیں،زاہد امین ایڈووکیٹ

اتوار 3 دسمبر 2023 14:50

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2023ء) سابق چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن زاہد امین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر گزشتہ چھ ماہ کے دوران خرچ کیے گئے اکیس ارب میں سے دارالحکومت کے ترقیاتی فنڈز کا حساب دیں ۔ اکیس ارب روپے میں سے کیپٹل سٹی کے جاریہ و منظور شدہ ترقیاتی سیکٹر کے لیے فراہم کیے گئے فنڈز کے متعلق بتایا جائے ۔

عوام جاننا چاہتی ہے کہ کیپٹل سٹی کی منظور شدہ و جاریہ ترقیاتی سکیموں اور تعمیراتی منصوبوں کے فنڈز کہاں کہاں ، کس کس کے لیے اور کیوں کر منتقل کیے گئے وزیراعظم کو دارالحکومت کی مرکزیت کو نقصان پہنچانے کے لیے منتقل شدہ جریدہ و غیر جریدہ آسامیوں کا حساب کتاب بھی چُکانا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کے دوران اکیس ارب میں سے پانچ ریاستی جامعات کے حصہ میں ایک روپیہ بھی نہیں آ سکا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ نومبر 2021ء میں دارالحکومت کے منسوخ شدہ کیپٹل ڈویلپمنٹ پیکج مالیتی ایک ارب پچیس کروڑ روپے پر وزیراعظم آزاد کشمیر کو بات کرتے ہوئے کیوں شرم آتی ہے وزیراعظم کو کوئی پتہ خبر نہیں کہ آزا د کشمیر میں گزشتہ سات ماہ سے پبلک سروس کمیشن غیر فعال ہے ، سینکڑوں خالی آسامیاں حکمرانوں کے براہ راست نرغے اور پارلیمانی شکنجے میں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آٹھ روز سے پانچ ریاستی جامعات آزاد حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہم کی وجہ سے بند اور نڈھال ہیں ، آزاد حکومت نے طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت چیئرمین احتساب بیورو ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس اور احتساب بیورو کی کلیدی آسامیوں کو خالی رکھا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی دیانتداری ، ایمانداری ، عدل و انصاف کی روایتی تقاریر کے دوران کرپٹ ترین وزراء اُن کے عقب میں ہنس رہے ہوتے ہیں ۔