عدالت کی ڈائریکٹر ایف آئی اے کو مونس الہی کی اشتہاری کی کارروائی کی نگرانی کرنے کی ہدایت

وزیر خارجہ کی مونس الہی کے نوٹسز کی تعمیل سے متعلق رپورٹ سے عدالت مطمئن نہیں، ڈائریکٹر ایف آئی اے سختی سے قانونی طریقے کار پر عملدرآمد کروائے۔سپیشل سینٹرل عدالت کا حکم

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 4 دسمبر 2023 12:08

عدالت کی ڈائریکٹر ایف آئی اے کو مونس الہی کی اشتہاری کی کارروائی کی ..
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 دسمبر 2023ء ) اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور میں سابق وزیراعلیٰ پرویز الہی اور ان کے صاحبزادے مونس الہی سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔اسپیشل سینٹرل عدالت تنویر احمد شیخ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیا۔ عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو مونس الہی کی اشتہاری کاروائی کی نگرانی کرنے کی ہدایت کردی ۔

عدالت نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ کی مونس الہی کے نوٹسز کی تعمیل سے متعلق رپورٹ سے عدالت مطمئن نہیں۔ مونس الہی کے اشتہاری کے نوٹسز کی تعمیل کے لیے لندن بھیجوائے گے نوٹسز کی رپورٹ جمع تاحال نہیں ہوئی۔ اس طرح اشتہاری کی کاروائی کے قانون کی خلاف وزری ہورہی ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے سختی سے قانونی طریقے کار پر عملدرآمد کروائے۔

(جاری ہے)

تحریری حکم میں کہا گیا کہ تفتشی کے مطابق زارا الہی سمیت دیگر ملزمان کا نامکمل چالان جمع کروانے کے لیے تیار ہیں۔

علاوہ ازیں پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سمیت دیگر کے خلاف گجرات ٹھیکوں میں کک بیکس کی تحقیقات مکمل کر لی گئیں جس کے بعد نیب نے 1 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا۔نیب ریفرنس میں سابق وزیر اعلی پرویز الٰہی اور انکے بیٹے سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ ریفرنس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سمیت دیگر ملزمان قومی خزانے کو نقصان پہنچانے میں ملوث پائے گئے ہیں، پرویز الٰہی نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے کک بیکس اور رشوت وصول کی۔

نیب ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ مونس الٰہی کے سیکرٹری سہیل اعوان اور دو سابق سرکاری ملازمین پرویز الٰہی اور دیگر کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں، پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے گجرات کے لیے غیر قانونی طور پر 116 ترقیاتی سکیمیں منظور کرائیں۔