Live Updates

امریکی وزیرخارجہ کا آرمی چیف سے ہنگامی رابطہ، کشیدگی کم کرنے کیلئے تعاون کی پیشکش

امریکی وزیر خارجہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے کام کر رہے ہیں، مارکو روبیو دونوں ممالک کے رہنماؤں سے رابطے میں ہیں؛ امریکی انتظامیہ کی تصدیق

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 10 مئی 2025 08:35

امریکی وزیرخارجہ کا آرمی چیف سے ہنگامی رابطہ، کشیدگی کم کرنے کیلئے ..
راولپنڈی/واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی 2025ء ) امریکی وزیرخارجہ کی جانب سے آرمی چیف سے ہنگامی رابطہ کیا گیا ہے۔ امریکہ محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبی نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ہنگامی رابطہ کیا ہے جس میں ان کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کے لئے تعاون کی پیشکش کی گئی ہے، انہوں نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے طریقے تلاش کریں اور مستقبل میں تنازعات سے بچنے کے لیے تعمیری بات چیت شروع کرنے میں امریکہ کی جانب سے مدد کی پیشکش کرتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے ایک بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں پاکستان اور بھارت دونوں ممالک میں کشیدگی نہ بڑھے، امریکی وزیر خارجہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے کام کر رہے ہیں، مارکو روبیو دونوں ممالک کے رہنماؤں سے رابطے میں ہیں، مارکو روبیو نےدونوں ممالک سے تنازع بڑھانے سے روکنے کی بات کی ہے کیوں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دونوں ممالک سے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان اور بھارت کا تنازع کئی دہائیوں پر محیط ہے۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ روز نائب امریکی صدر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، پاکستان نے اسے جواب دے دیا، ہم پاک بھارت جنگ میں مداخلت نہیں کریں گے کیوں کہ اس سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ہے، ہم جنوبی ایشیا میں دونوں پڑوسی ملکوں کے مابین کشیدگی کم کرانے کے لیے کام سفارتی راہداریوں کو استعمال کر رہے ہیں، تاہم جنگ میں براہ راست دخل نہیں دیں گے، پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری جنگ نہیں ہونی چاہیے، ایسا ہوا تو یہ پوری دنیا کے لیے تباہ کن ہوگا، ہم دونوں ملکوں میں کشیدگی کم کروانے کے لیے کام کر رہے ہیں، تاہم اس وقت پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کا امکان نہیں ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات