Live Updates

پاکستانی فوجیوں کی تعیناتی بڑھتی دکھائی دے رہی ہے، ہم مزید تناؤ نہیں چاہتے، بھارتی ملٹری ترجمان

بھارت مزید کشیدگی اور تصادم نہیں چاہتا بشرطیکہ پاکستان بھی کشیدگی کم کرے اور ہم پاکستان سے بھی یہی امید کرتے ہیں؛ کرنل صوفیہ قریشی کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 10 مئی 2025 11:04

پاکستانی فوجیوں کی تعیناتی بڑھتی دکھائی دے رہی ہے، ہم مزید تناؤ نہیں ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی 2025ء ) بھارت نے پاکستانی حملوں میں فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا اعتراف کرلیا۔ میڈیا بریفنگ کے دوران بھارتی حکام نے کہا کہ پاکستان نے مغربی سرحدی علاقوں پر فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، ادھمپور، پٹھان کوٹ، آدم پور، بھٹنڈہ سٹیشن پر فوجی تنصیبات اور فوجی اہلکاروں کو نقصان پہنچایا گیا، پاکستان نے ہائی سپیڈ میزائل سے پنجاب کے ایئر بیس اسٹیشن کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، پاکستان نے سری نگر، اونتی پور، ادھمپور کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔

ترجمان بھارتی فوج کرنل صوفیہ قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے فوجیوں کی تعیناتی بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے، بھارت مزید کشیدگی نہیں چاہتا بشرطیکہ پاکستان بھی کشیدگی کم کرے، ہم پاکستان کے ساتھ مزید تناؤ نہیں چاہتے، بھارت مزید تصادم نہیں چاہتا، سرحدوں پر تناؤ نہیں چاہتے، ہم پاکستان سے بھی یہی امید کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے راجوڑی میں پاکستان میں دہشت گردی کروانے والا بھارتی ملٹری انٹیلیجینس کا تربیتی مرکز تباہ کردیا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی بھارت کی سرسہ ائیر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے، سرسہ ائیر فیلڈ کی تباہی کی کنفرمیشن انڈین میڈیا نے خود کردی ہے، اس کے علاوہ بھارت کی بٹھنڈہ ائیر فیلڈ کو تباہ کر دیا، پاکستان نے دشمن کی اکھنور ایوی ایشن بیس بھی تباہ کردی، بھارت کی سورت گڑھ ایئر فیلڈ بھی تباہ ہوچکی ہے، پاکستان کی کارروائی کے دوران بھارت کا اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو تباہ کیا جا چکا ہے، پاکستان نے فتح 1میزائل سسٹم کے ذریعے متعددبھارتی اہداف کو نشانہ بنایا۔

سکیورٹی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے مسلسل حملوں کے جواب میں آج علی الصبح آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کا آغاز کرتے ہوئے فتح ون میزائل سسٹم کے ذریعے دشمن کے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، دشمن پر قہر ڈھاتے ہوئے پاکستان کی اجنب سے فتح 1میزائل سسٹم کے ذریعے متعدد بھارتی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، پاکستان کے اس حملے سے دشمن کے متعدد ٹھکانے تباہ اور بھاری نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے نتیجے مین دشمن کی توپوں کو خاموش کروادیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات