جاوید لطیف کی پریس کانفرنس معاملہ ،ایم ڈی پی ٹی وی اور ڈی این پی ٹی وی نے مقدمات کے خلاف کیس واپس لے لیا

پیر 4 دسمبر 2023 16:50

جاوید لطیف کی پریس کانفرنس معاملہ ،ایم ڈی پی ٹی وی اور ڈی این پی ٹی وی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2023ء) اسلام آباد ہائی کورٹ میں ریاست مخالف مواد نشر ہونے کے معاملے پر سابق وزیر جاوید لطیف کی پریس کانفرنس پر پی ٹی وی افسران کے خلاف درج مقدمات پر ایم ڈی پی ٹی وی اور ڈی این پی ٹی وی نے مقدمات کے خلاف کیس واپس لے لیاجبکہ ایم ڈی اور ڈی این پی ٹی وی کی کیس واپس لینے کی متفرق درخواستیں منظور کرلی گئی۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ یہ نہ ہو آپ کے خلاف وہاں لاہور میں کارروائی شروع ہو جائے وکیل درخواست گزار نے کہاکہ جس نے مقدمہ درج کروایا وہ کیس نہیں چلانا چاہتا ،ہمارے خلاف مقدمہ درج کرانے والے نے لاہور میں مقدمہ واپس لینے کی درخواست کی ہے ۔ وکیل درخواستگزار نے کہاکہ ہمیں ٹرائل کورٹ لاہور نے کہا کہ آپکا کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر التواء ہے۔

(جاری ہے)

وکیل درخواست گزار نے کہاکہ ہمیں کہا گیا آپ ہائیکورٹ سے درخواست واپس لیں ٹرائل کورٹ تب مقدمہ خارج کرے گی ۔عدالت نے ایم ڈی سہیل علی خان اور ڈی این راشد بیگ کی درخواست واپس لینے کی متفرق درخواستیں منظور کرلیں۔جاوید لطیف کی پریس کانفرنس پر سیکرٹری اطلاعات ، ایم ڈی اور ڈی این پی ٹی وی کے خلاف مقدمہ درج ہوا تھااسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کے خلاف تادیبی کاروائی سے روکنے کے احکامات جاری کر رکھے تھے ،اسی مقدمے میں لاہور کی عدالت نے عدم پیشی پر مریم اورنگزیب کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔