اگرووٹ چوری ہوا توانتشارہوگا ، عوام کا لاڈلہ ہونا فخرکی بات ہے، نوازشریف نئے لاڈلے بن چکے ہیں،شرمیلا فاروقی

بدھ 6 دسمبر 2023 16:06

اگرووٹ چوری ہوا توانتشارہوگا ، عوام کا لاڈلہ ہونا فخرکی بات ہے، نوازشریف ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2023ء) پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ اگر ووٹ چوری ہوا تو انتشار ہوگا، عوام کا لاڈلہ ہونا فخر کی بات ہے، نوازشریف نئے لاڈلے بن چکے ہیں۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ چھوٹی جماعتیں ہوا کے رخ کے مطابق اقتدار میں رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاڈلہ کہلوانا برا نہیں اگر آپ عوام کے لاڈلے ہوں، لاڈلہ کہنا تب گالی لگتا ہے جب آپ کسی اور کے لاڈلے بن جائیں اور لاڈلہ کہنا تب گالی لگتا ہے جب آپ بیساکھیوں پر آجائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوام کا لاڈلہ ہونا فخر کی بات ہے، نوازشریف نئے لاڈلے بن چکے ہیں، مسلم لیگ ن کو الیکشن کی تاریخ بھی معلوم تھی جبکہ ان کومعلوم تھا نوازشریف جب واپس آئیں گے تو گرفتارنہیں ہوں گے۔شرمیلا فاروقی نے کہا کہ ان کو معلوم تھا میاں صاحب جلسہ کریں گے اور گھر جائیں گے جبکہ ان کو معلوم تھا کہ ان کی سزائیں ختم اور عدالتوں سے بری ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملکی حالات کسی سلیکشن کے متحمل نہیں ہیں اور اگر ووٹ چوری ہوا تو انتشار ہوگا۔ خواجہ آصف کا بیان تھا کہ میچ فکس ہے، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ تو ختم ہوچکا ہے۔