رائے ونڈ پولیس کی غفلت ،شہرمیں درجنوں سنوکر کلب قائم ہونے سے نوجوان نسل کا مستقبل دائو پر لگ گیا

بدھ 6 دسمبر 2023 17:04

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2023ء) رائے ونڈ شہر کے مختلف علاقوں میں درجنوں سنوکر کلب کا وجود نوجوان نسل کے لئے خطرہ بن کر رہ گیا ،چند سنوکر کلب پر منشیات اور جوئے کے عادی افراد کا بسیرا ہونے سے نوجوان نسل اخلاقی ،سماجی برائیوں کا شکار ہو رہے ہیں ،شہر کے مختلف علاقوں میں جگہ جگہ قائم سنوکر کلب اور ویڈیو گیمزجوئے کے اڈوں میں تبدیل ہوگئے نوجوان نسل کا مسقبل تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا سکولوں اور کالجوں میں طلباء کی حاضریاں نہ ہونے کے برابر ہوتی جارہی ہیں ان جووں کے اڈوں کی وجہ سے والدین پریشان دکھائی دے رہے ہیں یہاں تک کہ رات گئے تک یہ سنوکر کلب اور ویڈیو گیمزکھلے رہتے ہیں ،چند راشی پولیس اہلکارسنوکر کلب سے باقاعدہ حصہ وصول کرکے انکی مکمل سرپرستی کرتے ہیں، ان ویڈیو گیمز، بلیرڈ اور سنوکر کلبوں میں منشیات فروشی بھی کی جا رہی ہے اور زہر بیچنے والوں نے ان اڈوں کو اپنی جائے پناہ بنا لیا ہے اکثر والدین نے یہ بات بھی ظاہر کی ہے کہ ہمارے بچے فیس کے پیسوں کو بھی ان جووں کے اڈوں کی نذر کر جاتے ہیں اور اسی وجہ سے وہ تعلیم جیسی نعمت سے بھی محروم ہوتے جا رہے ہیں انہیں سنوکر کلبوں اور ویڈیو گیمزکی وجہ سے نوجوانوں کا مستقبل تباہ و برباد ہوتا جا رہا ہے یہاں پر چرس اور دیگر نشوں کا بے دریغ اسعمال معمول بن گیا ہے اگر یہ ہی صورتحال رہی تو وہ دن دور نہیں جب شہر کی حدود میں جرائم کی شرح سو فیصد سے بھی تجاوز کر جائے گی اس بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر عوامی و سماجی حلقوں نے آئی جی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔