بجلی کی قیمت میں 3 روپے 7 پیسہ کا اضافہ عوام کیساتھ ظلم ہی: ضیاء الدین انصاری

جمعرات 7 دسمبر 2023 18:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2023ء) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے بجلی کی قیمت میں مزید فی یونٹ3 روپے 7 پیسے اضافہ کو عوام کیساتھ ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں عوام پر بجلی بم گرا کر عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ پہلے ہی عوام بجلی کے بھاری بلوں اور اوور چارجنگ کے ہاتھوں اذیت میں مبتلا ہیں ایسے میں مزید اضافہ لوگوں کے معاشی قتل کے سوا کچھ نہیں۔

(جاری ہے)

پہلے ہی بجلی کے بلوں میں سرچارجز اور فیول ایڈجسٹمنٹ کے باعث مزدور طبقہ اپنا خون نچوڑ کر بلوں کی ادائیگی کررہا ہے ایسے میں فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کے فراڈ کا بوجھ بھی عوام پر ڈال دیا گیا ہے جو ناقابل قبول اور قابل مذمت ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مختلف تقاریب میں بجلی کی قیمت میں اضافہ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کیا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالا گیاہے جسے مسترد کرتے ہیں۔عوام کے حق کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔امیر لاہور نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غریب عوام پر مہنگائی کے ظلم کی بجائے اپنی اور اشرافیہ کی مراعات کو ختم کرے اور بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافہ کو واپس لے۔