امریکی قونصل جنرل کی نگراں وزیر ثقافت، کھیل اور امور نوجوانان سید جنید علی شاہ سے ملاقات

جمعرات 7 دسمبر 2023 23:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2023ء) سندھ کے وزیر ثقافت، کھیل اور امور نوجوانان ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے جمعرات کو یہاں سندھ آرکائیوز کمپلیکس میں امریکی قونصل جنرل، کونراڈ ٹرائبل سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد ثقافتی تبادلے کو فروغ دینا اور سندھ کی تاریخ کو محفوظ کرنا تھا۔بات چیت کے دوران، دونوں نے سندھ کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے حکمت عملی اور مختلف باہمی دلچسپی کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈاکٹر جنید علی شاہ نے امریکی قونصل جنرل کو سندھ آرکائیوز کمپلیکس میں موجود انمول تاریخی ریکارڈ کے بارے میں آگاہ کیا اور ان کے تحفظ کے لیے جدید طریقہ کار کے نفاذ پر زور دیا۔ صوبائی وزیر نے سندھ کی تاریخ میں دلچسپی رکھنے والے محققین، طلباء اور مورخین کے لیے دستاویزی مواد کی دستیابی پر روشنی ڈالی، جس سے مستقبل کے حوالے کے لیے اس کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

مزید برآں، انہوں نے قونصل جنرل کونراڈ ٹریبل کو 200 سال پرانا ہاتھ سے لکھا ہوا شاہ جو رسالو پیش کیا۔قونصل جنرل کونراڈ ٹرائبل نے سندھ آرکائیوز میں موجود نادر کتابوں، نقشوں، برطانوی دور کے سرکاری ریکارڈز اور دیگر دستاویزات میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی ثقافتی اہمیت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے سندھ کے اندر ثقافت، تاریخ اور آرکائیوز کے شعبوں میں تعاون کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔اس کے بعد ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے قونصل جنرل کونراڈ ٹریبل کو سندھی روایتی اجرک اور ٹوپی کے تحفے پیش کیے۔