شاپنگ مالز کو جدیدتقاضوں کے مطابق محفوظ کیاجائے، پیر ارشدکاظمی

جمعرات 7 دسمبر 2023 23:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2023ء) تحریک اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے صدر پیر طریقت صوفی سید ارشدعلی شاہ کاظمی القادری نے عرشی شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں اور مالی نقصانات پر افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عوام کی اس طرح بے قدری دیکھی نہیں جاتی، لوگوں کی زندگی بھرکی جمع پونجی جل کر خاکستر ہورہی ہے اور حکومت چین کی بنسری بجارہی ہے، چند روزپہلے گلستان جوہر میں شاپنگ مال آتشزدگی کا شکار ہوا جس میں درجن سے زائد افراد جل کر لقمہء اجل بن گئے ،عالم یہ ہے کہ کچھ لوگوں کو گرفتار کرکے ابھی تک اس کی تحقیقات ہی چل رہی ہیں،اسی دوران شہر کی سب سے مصروف ترین شاہراہ پر قائم عرشی شاپنگ سینٹر میں ناگہانی طورپر آگ بھڑک اٹھی جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، وجوہات کچھ بھی ہوں لیکن کیا حکومتی اداروں کی ذمہ داری صرف اتنی ہے کہ پہلے کہیں حادثہ ہو پھر کچھ کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

ضرورت تو اس امر کی ہے کہ تمام عمارتوں باالخصوص شاپنگ مالز،عوامی مراکز اور مارکیٹوں کا جائزہ لے کر حفاظتی انتظامات کو یقینی بناتے ہوئے جدید تقاضوں کے مطابق محفوظ کیاجائے اور آئندہ کے لئے کسی بھی عمارت کی تعمیر کی صرف اسی صورت میں اجازت دی جائے کہ وہاں حفاظتی انتظامات مکمل ہوں۔ انہوں نے عرشی شاپنگ سینٹر اور آر جے شاپنگ مال میں آتشزدگی میں ہلاک ہونے والے افراد کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعاکرتے ہوئے متاثرین کے نقصانات کے فوری ازالے کا مطالبہ کیاہے۔