ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ،ضلع میں کھاد کی طلب و رسد اور قیمتوں کا جائزہ

جمعرات 7 دسمبر 2023 23:18

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2023ء) ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی کی زیر صدارت ضلع میں کھاد کی طلب و رسد اور قیمتوں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا ۔ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے کہا کہ ضلع میں کسی صورت زرعی کھادوں کی مصنوعی قلت یا بلیک مارکیٹنگ برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ ملوث ڈیلرز کو جرمانہ کرنے کی بجائے براہ راست مقدمہ درج کرتے ہوئے حوالات میں بند کیا جائے گا۔

انہوں نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت اور ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ کھاد کی بلیک مارکیٹنگ کے حوالہ سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور جو ڈیلر کھاد کی گرانفروشی میں ملوث ہو اس کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کھاد ڈیلرز کوہدایت کی کہ وہ ضلع میں قائم سہولت سنٹرز پر فرٹیلائزر کمپنیوں کی جانب سے فراہم تمام کھادوں کا ریکارڈ نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں کسی فریق کے ساتھ زیادتی نہیں کی جائے گی جبکہ ضلع میں صرف وہی ڈیلرز کھاد کی فروخت کرنے کا مجاز ہو گا جس کے نام سے فرٹیلائزر کمپنیاں سپلائی فراہم کریں گی، کھاد ڈیلرز اپنی فرم کے نام سے آنے والی کھاد کسی دوسرے مقام پر فروخت نہیں کر سکتے اس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام تحصیلوں میں شکایات سنٹرز قائم کئے جائیں اور مہنگے داموں کھاد فروخت کرنے کی شکایت پر فوری ایکشن لیا جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) احمد رضا بٹ، اسسٹنٹ کمشنر وقاص ظفر، حماد حامد، ڈی او انڈسٹریز عماد الدین جتوئی، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت یوسف الرحمن سمیت کھاد ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :