علامہ اقبال پولو کپ،ڈائمنڈ پینٹس اور ایف جی /دین پولو نے سیمی فائنلز کیلئے کوالیفائی کرلیا

جمعہ 8 دسمبر 2023 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2023ء) جناح پولو فیلڈز کے زیراہتمام آٹھ گول ٹورنامنٹ چوتھا علامہ اقبال پولو کپ 2023ء میں ڈائمنڈ پینٹس اور ایف جی /دین پولو نے سیمی فائنلز کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق جناح پولو فیلڈز میں گزشتہ ہفتے سے آٹھ گول کا ایونٹ جاری ہے۔ جناح پولو فیلڈز کے سیکرٹری میجر علی تیمور (ر) کے مطابق ٹورنامنٹ میں آٹھ بہترین ٹیمیں کھیل رہی ہیں۔

چار ٹاپ ٹیموں نے سیمی فائنلز کیلئے کوالیفائی کیا تھا جس میں سے دو فاتح ٹیموں نے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ گزشتہ روز دونوں سیمی فائنلز دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ پہلے میچ میں ڈائمنڈ پینٹس نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ری مائونٹس کی ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد9.5-8 گول سے ہراکر مین فائنل میں کوالیفائی کیا۔

(جاری ہے)

ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے راجہ تیمور ندیم نے شاندار کھیل پیش کیا اور سات خوبصورت گول سکور کیے جبکہ دیگر میں ثاقب خان خاکوانی نے دو گول سکور کیے جبکہ آدھا گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔ ری مائونٹس کی طرف سے لائو ابی لینڈا نے تین، محمد نعیم اور عمران شاہد نے دو دو گول جبکہ عمر اسجد ملہی نے ایک گول سکور کیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں ایف جی /دین پولو نے زبردست مقابلے کے بعد ماسٹر پینٹس /نیوایج کیبلز کی ٹیم کو 9-4 سے ہرا دیا۔

ایف جی /دین پولو کی طرف سے بلال حئی نے شاندار کھیل پیش کیا اور سات گول سکور کیے جبکہ دیگر میں خوان کروز گروگل نے دو گول سکور کیے۔ ماسٹر پینٹس /نیوایج کیبلز کی طرف سے حمزہ مواز خان نے تین اور عدنان جلیل اعظم نے ایک گول سکور کیا۔ٹورنامنٹ کا مین فائنل اتوار کی سہ پہر اڑھائی بجے ڈائمنڈ پینٹس اور ایف جی /دین پولو کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔