اشتعال انگیز گفتگوکا کیس، مریم اورنگزیب کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

عدالت نے لیگی رہنما کی بریت کی درخواست پر پراسیکیوشن سے دلائل طلب کر لئے

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی ہفتہ 9 دسمبر 2023 11:00

اشتعال انگیز گفتگوکا کیس، مریم اورنگزیب کے وارنٹ گرفتاری منسوخ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 دسمبر2023ء) لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے اشتعال انگیز گفتگو کے کیس میں لیگی رہنما مریم اورنگزیب کے وارنٹِ گرفتاری منسوخ کر دیے۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے مریم اورنگزیب سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ مریم اورنگزیب کے عدالت میں پیش ہونے کے بعد وارنٹِ گرفتاری منسوخ کر دیے گئے، عدالت نے لیگی رہنما کی بریت کی درخواست پر پراسیکیوشن سے دلائل طلب کر لئے۔

عدالت نے شریک ملزمان سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا تحریری فیصلہ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ سماعت 6 جنوری تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ لیگی رہنماؤں کیخلاف تھانہ گرین ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے اور عدالت ریاست مخالف تقاریر کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کی حاضری معافی کی درخواست اور ضمانتی مچلکے مسترد کرچکی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف عدالت نے بغاوت اور اشتعال انگیز تقاریر کے کیس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بری کردیا، گوجرانوالہ کے جوڈیشنل مجسٹریٹ فیصل الاسلام نے چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف بغاوت اور اداروں کو دھمکی دینے کے کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا اور اپنے فیصلے میں عدالت کی جانب سے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو اس کیس سے بری کردیا گیا۔