روضہ رسولؐ پرہمارے خطاط کی خطاطی بڑے اعزاز کی بات ہے،عرفان صدیقی

ہفتہ 9 دسمبر 2023 16:22

روضہ رسولؐ پرہمارے خطاط کی خطاطی بڑے اعزاز کی بات ہے،عرفان صدیقی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2023ء) سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ خطاطی سب سے قدیم اسلامی فن ہے جس کی کئی اقسام ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ ہمارے ملک میں بڑے نامور خطاط پیدا ہوئے جن کے انتہائی نادر ونایاب فن پارے دنیا کی اہم عمارات کی زینت ہیں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ روضہ رسولؐ پر بھی ہمارے خطاط کی خطاطی ہے جو ہمارے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے جبکہ ہمارے نوجوانوں میں قدرتی طور پر یہ فن موجود ہے لہٰذا اگر اس فن کی تھوڑی سی سرپرستی کردی جائے تو ہمارے نوجوان دنیا کے بہترین خطاط ثابت ہوسکتے ہیں۔

ہفتہ کے روزچناب کلب فیصل آباد میں معروف نوجوان خطاط واصل شاہد کی صلوعلیہ وآلہ کے عنوان سے منعقدہ فن پاروں و خطاطی کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ واصل شاہد سے ان کابہت پرانا تعلق ہے اوراسلامی و دیگر نادر فن پاروں کی انتہائی شاندارخطاطی سمیت کینوس پر رنگوں کی قوس قزح بکھیرنے کایہ ہنرپاکستان کے دیگر لوگوں کی طرح ان کی رگوں میں بھی موجود ہے۔

(جاری ہے)

نامور صحافی، کالم نگار، مصنف و تجزیہ نگار سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ آج کی دنیا میں لوگوں میں پریشانی،غصہ،اینگزائیٹی اور دیگر نفسیاتی مسائل عام ہیں جنہیں سکون کی فراہمی کسی عبادت سے کم نہیں اور اس کا حل ہمارے سرکار دوعالمؐ کی تعلیمات میں ہی پنہاں ہے۔انہوں نے نمائش میں رکھے گئے واصل شاہد کے فن پاروں کو دیکھا اور کہا کہ یہ فن پارے اعصاب کو آسودگی اور انسانیت کو بھائی چارے کا درس دیتے ہیں لہٰذادلوں کو سکون دینے والی اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد ہوتا رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ واصل شاہد نے قرآن کریم کی آیات کو اسلامی خطاطی کے ذریعے بڑی خوبصورتی سے پیش کیا ہے۔انہوں نے اسلامی خطاطی کی اہمیت اور فن پر بات کرتے ہوئے واصل شاہد کے کام کو سراہا اور کہا کہ واصل شاہد نے قرآن کریم کی آیات کو اسلامی خطاطی کے ذریعہ بڑی خوبصورتی سے کینوس کی زینت بنایا ہے جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ ان کے فن پاروں میں اس سے بھی زیادہ نکھار پیدا کرنے کیلئے ان کی پوشیدہ فنی وذہنی صلاحیتوں میں اضافہ فرمائے۔

اس موقع پرفیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئرنائب صدر ڈاکٹرسجاد ارشد، سیکرٹری چناب کلب مہرعبدالرؤف،پروفیسر یاسین ظفر،کاشف رندھاوا،سابق صدر چیمبر آف کامرس چوہدری محمد نواز و دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔مذکورہ ایک روزہ نمائش میں واصل شاہد کے مختلف اسلامی حروف و خطوط پر مبنی25 فن پارے نمائش کیلئے رکھے گئے تھے جنہیں دیکھنے کیلئے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد،طلبا و طالبات،سول سوسائٹی کی اہم شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے چناب کلب فیصل آباد کا رخ کیااور ان کے کام کو سراہا۔