دورہ آسٹریلیا کے دوران قومی ٹیم کے پاس کوئی ڈاکٹر نہیں

مینجمنٹ کے 17 افراد میں ڈاکٹر سہیل سلیم کا نام ہے، ویزا مسائل کے سبب 14 دسمبر کو پرتھ میں ٹیم کو جوائن کریں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 9 دسمبر 2023 15:11

دورہ آسٹریلیا کے دوران قومی ٹیم کے پاس کوئی ڈاکٹر نہیں
کینبرا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 دسمبر 2023ء ) دورہ آسٹریلیا پر جانیوالے قومی سکواڈ سے متعلق انکشاف سامنے آیا ہے کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ڈاکٹر ہی موجود نہیں جو انہیں طبی سہولیات فراہم کر سکے۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق قومی سکواڈ ان دنوں آسٹریلیا میں موجود ہے جس کی قیادت شان مسعود کے پاس ہے اور کھلاڑیوں کو 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے مگر حیران کن امر یہ ہے کہ ابھی تک ٹیم کے پاس ڈاکٹر موجود نہ ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

ٹیم کے ہمراہ ڈاکٹر سلیم کو جانا تھا مگر ویزا مسائل آڑے آ گئے اور ان کے 14 دسمبر کو ٹیم کو جوائن کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ٹیم کے ساتھ فزیو تھراپسٹ اور مساجر موجود ہیں۔ دوسری جانب انڈر 19 قومی ٹیم کے منیجر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد بھی پاسپورٹ کے مسئلے کے سبب ہمراہ نہ جا سکے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کینبرا میں پرائم منسٹرالیون کے خلاف چار روزہ میچ کے تیسرے روز اسپنر نے 8 اوورز کے بعد دائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی، جس کے بعد انہیں آرام کیلئے بھیج دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ابرار احمد کو ٹانگ میں تکلیف کے بعد ایم آر آئی سکین کیلئے بھیج دیا گیا ہے، میڈیکل پینل کرکٹر کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔ ابرار احمد نے پرائم منسٹر الیون کے خلاف میچ میں ابتک کل 27 اوورز کرائے ہیں، جس میں انہوں نے 80 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی ہے۔