انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے، عوام نواز شریف کو وزیر اعظم بنائیں گے، رانا تنویر حسین

ہفتہ 9 دسمبر 2023 20:50

انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے، عوام نواز شریف کو وزیر اعظم بنائیں گے، ..
مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2023ء) مسلم لیگ( ن) کے مرکزی نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ8فروری کی رات نواز شریف کے چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بننے کا اعلان ہو تے ہی پاکستان خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہو جائے گا۔ آنے والا وقت ملک کی معیشت کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والوں کو گمنامیوں کی دلدل میں پھینکنے والا ہو گا اور ہماری تعلیم یافتہ نسل شاندار مستقبل کے زینے چڑھے گی۔

مریدکے، نارنگ منڈی اور فیروزوالہ کے علاقوں میں پی ٹی آئی کی وکٹیں اڑانے کی مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ نئے انتخابات8فروری کو ہی ہوں گے اور عوام اپنے ووٹ کی طاقت ملک دشمن قوتوں کے آلہ کاروں کو تاریخی شکست سے دوچار کرتے ہوئے میاںنواز شریف کو وزیر اعظم بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستانی سیاست کے سیاہ ترین کرداراڈیالہ جیل کے 'قیدی نمبر804-' نے نہ صرف پاکستانی ترقی کو بیک گیئر لگایا بلکہ اخلاق اور حب الوطنی کاقتل عام کرکے یہودی ایجنڈے کی بھر پور تکمیل کی۔

انہوںنے کہا کہ پاکستانی عوامی اور ادارے ایک ایک سیاہ کردار کو کیفر کردار پہنچائیں گے تا کہ بچے کھچے ملک دشمن عبرت پکڑ سکیں۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کے محبت وطن اور قانون پسند رہنماؤں کو سیاست کا پورا حق حاصل لیکن ریاست دشمن عناصر کے ساتھ ویسا ہی سلوک کیا جائے گا۔