مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی ریلی

اتوار 10 دسمبر 2023 17:20

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2023ء) پاسبان حریت جموں کشمیر اور انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن پر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے خلاف آزاد جموں وکشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ریلی میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی ۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ریلی کے شرکاء نے سیاہ پرچم تھام رکھے تھے اور بینر اورپلے کارڑ اٹھا رکھے تھے جن پر جموں وکشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ستھرا موڑ سے گھڑیپن چوک تک مارچ کیا۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بھارت گزشتہ 76 برس سے جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض ہے اور وہ آزادی کے مطالبے پر کشمیریوں کووحشیانہ مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے صرف 1989سے اب تک ایک لاکھ کے لگ بھگ کشمیری شہید جبکہ ہزاروں کو لاپتہ کیا ہے۔مقررین نے کہاکہ بھارت نے حریت رہنماؤں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں میں بند کرکھا ہے۔

مقررین نے غزہ میں جاری وحشیانہ اسرائیلی بمباری کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات حل نہیں کیے جاتے دنیا میں پائیدار امن کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ ریلی کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے نائب چیئرمین مشتاق الاسلام، عثمان علی ہاشم، سید سلیم شاہ، شوکت جاوید میر، بلال احمد فاروقی، مہناز قریشی، طاہرہ جاوید ، ارسا ابراہیم، حمیرا الطاف اور دیگرنے کی۔