جماعت اسلامی ہی قوم کے سامنے بہترین آپشن ہے،اس کے نمائندے عوام کے درمیان رہتے ہیں،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی

ملک پر حکومت کرنے والی پارٹیوں نے عوام کو مایوس کیا اور پاکستان کو عالمی مالیاتی اداروں کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے،نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان

اتوار 10 دسمبر 2023 22:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2023ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ہی قوم کے سامنے بہترین آپشن ہے، اس کے نمائندے عوام کے درمیان رہتے ہیں، ان کے دکھ درد کو اپنا سمجھتے ہیں اور مسائل حل کراتے ہیں اور جب انہیں اختیار ملتا ہے تو مثالی کارکردگی دکھاتے ہیں۔وہ مرکز تبلیغ اسلام حیدرآباد میں جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کررہے تھے، جس سے ضلعی امیر عقیل احمد خان کے علاوہ عبدالوحید قریشی، این اے 219 سے امیدوار حافظ طاہر مجید، این اے 220 سے امیدوار عدنان دانش و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک پر حکومت کرنے والی پارٹیوں نے عوام کو مایوس کیا اور پاکستان کو عالمی مالیاتی اداروں کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے، 14 جماعتی اتحاد جس میں نون لیگ سے لے کر پیپلزپارٹی، باب سے لے کر ایم کیو ایم بھانت کی بولیاں بولنے شامل تھے انہوں نے مہنگائی کا ایسا طوفان برپا کیا ہے کہ غریب و متوسط عوام کا چولہا جلانا مشکل ہو گیا ہے، انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل آزمائے ہوے لوگوں کے پاس نہیں، جماعت اسلامی کی دیانت دار اور باصلاحیت قیادت کے پاس ہے، انہوں نے غزہ کی صورت حال کا ذکرکرتے ہوئے مسلم حکمرانوں کی بے حسی پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کس کے اشارے پر دو ریاستی حل کا مطالبہ کر رہے ہیں، قائد اعظم کی پالیسی کے برعکس بات کرنا افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

جنرل ورکرز اجلاس میں قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں نے تعارف کرایا، جماعت اسلامی نے ضلع حیدرآباد کی تینوں قومی اور چھ صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لئے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔این اے 218 سے سردار زبیر خادم سولنگی، این اے 219 سے حافظ طاہر مجید، این اے 220 سے عدنان دانش، پی ایس 60 سے قاری محبوب مہیسر، پی ایس 61 سے سردار فتح محمد شورو، پی ایس 62 سے ڈاکٹر سیف الرحمن، پی ایس 63 سے آفاق نصر، پی ایس 64 سے ظہیر الدین شیخ اور پی ایس 65 سے عرفان قائم خانی شامل ہیں۔