سازشوں کے تحت ہمارے خلاف گواہیاں دی گئیں ، گواہی نہ دینے والوں کے ساتھ بہت برا کیا گیا، سلمان اکرم راجہ

تاریخ کا بدترین دور چل رہا ہے، ہمارے لوگوں کو بے گناہ سزائے دی گئیں، غیر قانونی طور پر ہمارے دوستوں کو نااہل کیا گیا ، ہم ان فیصلوں کے خلاف عدالت جائیں گے، رہنماء پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 1 اگست 2025 13:14

سازشوں کے تحت ہمارے خلاف گواہیاں دی گئیں ، گواہی نہ دینے والوں کے ساتھ ..
پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اگست 2025)پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کاکہنا ہے کہ سازشوں کے تحت ہمارے خلاف گواہیاں دی گئیں، گواہی نہ دینے والوں کے ساتھ بہت برا کیا گیا، تاریخ کا بدترین دور چل رہا ہے، ہمارے لوگوں کو بے گناہ سزائے دی گئیں،پشاور ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماء پی ٹی آئی نے کہا کہ غیر قانونی طور پر ہمارے دوستوں کو نااہل کیا گیا۔

ہم سے ہماری سیٹیں چھین لی گئیں۔ ہم ان فیصلوں کے خلاف عدالت جائیں گے۔ میرے خلاف 9 مقدمے میری غیرموجودگی میں دائر کئے گئے۔ 5 اگست کو پرامن احتجاج کریں گے۔میں کسی بھی مقدمے میں پیش ہونے سے نہیں رہا۔ میرے خلاف بے شمار مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ میرے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عبدالطیف چترالی کے حلقے پر پشاور ہائی کورٹ نے ضمنی الیکشن روک دیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ ہر طرح کھڑے ہیں۔ ہم کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔قبل ازیں پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے2 ہفتوں کی ضمانت منظورکرلی تھی۔عدالت نے مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں تھیں۔ رہنماء پی ٹی آئی نے اپنی درخواست میں استدعا کی تھی کہ درخواست گزار کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائے۔

متعلقہ عدالتوں میں پیشی کیلئے حفاظتی ضمانت دی جائے۔پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت ہوئی تھی۔ درخواست پر سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس خورشید اقبال نے کی تھی۔عدالت نے سلمان اکرم راجہ سے استفسار کیا کہ آپ کو کیا ریلیف چاہئے؟سلمان اکرم راجہ نے کہا تھا کہ میرے خلاف کئی نامعلوم مقدمات درج ہیں،ایک ماہ کیلئے حفاظتی ضمانت دی جائے۔

عدالت نے سلمان اکرم راجہ کی حفاظتی ضمانت منظورکرلی اور متعلقہ حکام سے مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں تھیں۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ میں کسی بھی مقدمے میں پیش ہونے سے نہیں رہا۔ میرے خلاف بے شمار مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ میرے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ بعدازاں عدالت نے مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کو 2 ہفتوں کی ضمانت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی تھی۔