فیصل آباد، سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی نئے و پرانے گرم کپڑوں کی خرید اری میں اضافہ

پیر 11 دسمبر 2023 14:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2023ء) فیصل آباد میں موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں، ریڈی میڈ گارمنٹس مارکیٹوں خصوصاً لنڈا بازار کی رونقیں دوبالا ہو گئی ہیں جہاں بڑی تعداد میں کوٹ، سویٹرز، جیکٹس،جرسیوں،سکارفس، رضائیوں، کمبلوں، گرم لحافوں سمیت گرم ملبوسات،ونٹر سوکس،جوتے وغیرہ فروخت کےلئے رکھے گئے ہیں۔ لیکن مہنگائی کے اثرات سے غریب ومتوسط طبقے کے عوام پر لنڈا کی خریداری بھی بھاری پڑ رہی ہے جبکہ مہنگائی کے باعث سیل کم ہونے پر دکاندار بھی زیادہ خوش نہیں ہیں۔

اے پی پی کے سروے کے مطابق جہاں دیگر تمام شعبوں میں مہنگائی نے عوام کو متاثر کیا ہے وہیں لنڈا بازار بھی مہنگائی کے اثرات سے محفوظ نہیں رہ سکا ہے اور لنڈے کے سیکنڈ ہینڈ کپڑوں کی قیمتیں بھی آسمانوں سے باتیں کر نے لگی ہیں۔

(جاری ہے)

راجباہ سروالا روڈ سمیت دیگر علاقوں میں لنڈا بازار کی مارکیٹوں میں شہریوں کا رش دیکھا جارہا ہے۔ شہریوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ گزشتہ سال کے گرم ملبوسات سے کام چلایا جائے تاہم ضروری خریداری مہنگے دام پر کرنی پڑرہی ہے۔

اس حوالے سے لنڈا بازار کے دکانداروں کاکہنا ہے کہ چونکہ لنڈے کے گرم کپڑوں کی گانٹھوں کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور ان کی ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات بھی زیادہ ہو گئے ہیں اس لئے مجبوراً انہیں کپڑوں کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے۔خریداروں کا کہنا تھا جو چیزپہلے 2سو روپے میں ملتی تھی اب 5 سے6سو روپے میں مل رہی ہے۔دوسری جانب لنڈا سٹال ہولڈرز اور دکان داروں کا کہنا ہے کہ جیکٹ کا پہلے جو بنڈل 25 ہزار کا ملتا تھا اب وہ45 سے 50ہزار کا ہو گیا ہے جس میں 75 سے 80 پیس ہوتے ہیں جبکہ اسی طرح دیگر کپڑوں کے بنڈلز کی قیمت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

اس موقع پر لنڈا بازار میں پرانے کپڑوں کی خریداری کیلئے آنیوالی خواتین نے قیمتوں میں اضافے پر متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی اور قیمتوں پر کنٹرول کےلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی اپیل کی ہے۔