الیکشن کمیشن کی دی ہوئی تاریخ 8 فروری کو انتخابات کرانے ہوں گے، جام کمال عالیانی

پیر 11 دسمبر 2023 17:46

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2023ء) مسلم لیگ ن کے رہنماء و سابق وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان عالیانی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی دی ہوئی تاریخ 8 فروری کو انتخابات کرانے ہوں گے عوام کا مینڈیٹ اس وقت مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے ، مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے الیکشن جیت کر وفاق اور صوبوں میں حکومت بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ مراد جمالی کے دورہ کے موقع پر جاموٹ ہاؤس ڈیرہ مراد جمالی میں جاموٹ قومی موومنٹ کے مرکزی چیئرمین و سابق صوبائی وزیر میر عبدالماجد ابڑو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ابڑو قبیلے کے سردار عبداللہ خان ابڑو،ڈاکٹر عبیداللہ ابڑو سمیت دیگر علاقائی معتبرین ، معززین اور جے کیو ایم کے کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ جام کمال خان عالیانی نے کہا کہ الیکشن کے دنوں میں ہر سیاسی جماعتیں اور ان کے لیڈران اپنے جلسوں میں ایک دوسرے کے خلاف تقاریر کرتے رہتے ہیں، ملکی حالات کو مدنظر رکھ کر سیاست ہونی چائیے مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان چند ملاقاتوں کے بعد جلد ہی دونوں جماعتوں کی ایک دوسرے کے ساتھ قربتیں بڑھیں گی اور دوریاں پھر سے ختم ہونے کے چانسز بہت ہیں ۔\378