Live Updates

آصف زرداری کی جانب سے وی لاگرز کو پیسے دینے کے الزام پر جمائما کا ردِعمل آ گیا

یہ بالکل سچ نہیں ہے،میری صرف پاکستان میں امن اور خوشحالی کی خواہش ہے۔جمائما گولڈ اسمتھ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 12 دسمبر 2023 15:55

آصف زرداری کی جانب سے وی لاگرز کو پیسے دینے کے الزام پر جمائما کا ردِعمل ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 دسمبر 2023ء) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بانی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما پر ولاگرز کو پیسے دینے کا الزام عائد کر دیا۔انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ وہ جو لاڈلا سیاست دان جیل میں ہے، وہ ہی تو لاڈلہ ہے، اسی کو تو 30 سال میں بنایا گیا ہے، ہمیں یاد ہے کہ کس طرح حمید گل نے اسے لاؤنچ کیا تھا اور حمید گل کی لائونچنگ پر یہ جو پیسے لے رہا تھا اور لوگ اس کو بانٹ رہے تھے، یہ سارا اپ لفٹ ہے اس کو اوپر لانے کیلئے۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ باہر جو ہمارے پاکستانی بیٹھے ہیں ان پر دوسری قوموں کا بھی اثر ہے، وہاں سے وہ بہکائے ہوئے ہیں، وہ سمجھ نہیں رہے کہ یہاں کیا عالم ہے، پولز پر ایک رپورٹ نکلتی ہے اور وہ کہتے ہیں وہ(عمران خان)بہت پاپولر ہے۔

(جاری ہے)

آصف زرداری نے کہا کہ باہر بیٹھے ہوئے ولاگرز کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی جیتے گی، ان ولاگرز کو پیسے دے رہی ہے جمائما، سادہ سی بات یہ ہے کہ ایک لابی ہے جو ان کو سپورٹ کر رہی ہے، فنانس کر رہی ہے اور اس لابی کےکوئی اور ارادے ہیں۔

آصف زرداری کی جانب سے وی لاگرز کو پیسے دینے کے الزام پر جمائما کا ردِعمل آ گیا ،جمائما نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ کے جواب میں کہا کہ ظاہر ہے یہ بالکل بھی سچ نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ میری صرف پاکستان میں امن اور خوشحالی کی خواہش ہے۔
۔یہاں واضح رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ آئے روز پاکستان میں خبروں کی زینت بنی رہتی ہے جس کی وجہ ان کا پاکستان سے لگاؤ ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ اب بھی عمران خان کی بہترین دوست ہیں۔ بچوں کی وجہ سے دونوں کے مابین اچھے تعلقات ہیں ۔ جمائما گولڈ اسمتھ نے سابقہ اہلیہ ہونے کے باوجود عمران خان کی دوسری اور تیسری شادی پر انہیں مبارکباد پیش کی جبکہ وہ اکثر ان کے اچھے اقدامات اور فیصلوں کو سراہتے ہوئے بھی نظر آتی ہیں۔ جمائما گولڈ اسمتھ کی جانب سے وقتاً فوقتاً عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا جاتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات