پاکستان جانے اوردیکھنے کی خواہش سالوں سے تھی، لیجنڈ بھارتی اداکارہ ممتاز

بہت خوش نصیب ہوں پاکستان اوربھارت دونوں طرف کے لوگ محبت کرتے ہیں اور مجھے شرم آرہی ہے کہ میں بہت تاخیر سے پاکستان آئی،پروگرام میں گفتگو

بدھ 13 دسمبر 2023 18:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2023ء) بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والی لیجنڈ اداکارہ ممتاز نے کہاہے کہ پاکستان جانے اور اسے دیکھنے کی خواہش سالوں سے تھی،بہت خوش نصیب ہوں پاکستان اوربھارت دونوں طرف کے لوگ محبت کرتے ہیں اور مجھے شرم آرہی ہے کہ میں بہت تاخیر سے پاکستان آئی۔ان دنوں اداکارہ ممتازکراچی میں موجود ہیں جہاں انہوںنے ایک ٹی وی پروگرام میں شرکت کی۔

ایک ٹی وی پروگرام میں انہوںنے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ میں بھارت میں پیدا ہوئی لیکن میرے والدین ایران سے ہیں، میرے والد کے دوست اور رشتے دار پاکستان آیا جایا کرتے تھے تو میں سوچتی تھی میں بھی ایک دن پاکستان جائوں گی، اس لیے بہت سالوں سے میری خواہش تھی کہ مجھے پاکستان جانا ہے اور پاکستان کو دیکھنا ہے، بہت خوش نصیب ہوں پاکستان اوربھارت دونوں طرف کے لوگ محبت کرتے ہیں اور مجھے شرم آرہی ہے کہ میں بہت تاخیر سے پاکستان آئی۔

(جاری ہے)

سینئر اداکارہ نے بتایاکہ اداکاری کی دنیا میں 7سال کی عمر میں قدم رکھا تھا اور 7سال کی عمر سے لے کر 26سال کی عمر تک کام کیا اور پھر شادی کی وجہ سے اداکاری کو خیر آباد کہہ دیا۔اداکارہ نے کہاکہ میرے ساتھ کوئی کام نہیں کرنا چاہتا تھا، راجیش کھنہ اور دلیپ کمار نے میرے ساتھ کام کرنے کی حامی بھری، راجیش کھنہ کے ساتھ فلموں میں کام کیا اور ہم دونوں کی تمام فلمیں ہی ہٹ ہوئی ہیں، میری تمام فلموں کیگانے بھی ہٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری فلموں کو پاکستان نے بھی نقل کرنے کی کوشش کی لیکن اصلی، اصلی ہی ہوتا ہے اور کوئی آرٹسٹ یہ نہیں کہہ سکتا کون سا گانا کب ہٹ ہوگا۔پاکستانی فنکاروں سے دوستی کے سوال پر ممتاز نے کہاکہ لیجنڈ گلوکارہ نور جہاں سے بھی ملی ہوں، انہوں نے مجھے گھر پر کھانے پر بھی بلایا ، وہ بہت پیار سے پیش آتی تھیں کیونکہ کوئی بھی پیار کے بغیر نہیں رہ سکتا اور جب آپ کسی سے پیار محبت کی بات کرتے ہیں تو آپ دنیا فتح کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے زندگی میں کبھی بھی کسی کو آٹو گراف دینے سے منع نہیں کیا۔پاکستانی ڈرامے دیکھنے کے سوال پر ممتاز نے کہا کہ ایسے تو کوئی ڈرامہ نہیں دیکھتی لیکن پاکستانی اداکار احسن خان نے اپنا ایک ڈرامہ دیکھنے کا کہا تھا وہ دیکھا ہے۔ اس دوران بھارتی اداکارہ نے ماہرہ خان کی بھی تعریف کی۔