میئر کراچی نے رحمان بابا کرکٹ گرائونڈ منصوبے کا افتتاح کردیا

جمعرات 21 دسمبر 2023 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2023ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ اورنگی ٹائون میں قدیم رحمان بابا کرکٹ گرائونڈ تباہ حال تھاجسے بہتر کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور آج ہم اس منصوبے کا افتتاح ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اورنگی ٹائون سیکٹر 4 میں رحمان بابا کرکٹ اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل میں پیپلز پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے رحمان با با کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح کیا اور وہاں نوجوانوں کے ساتھ کرکٹ اور فٹ بال کھیلی۔ انہوں نے کہا کہ جب میں 2021 میں ایڈمنسٹریٹر کراچی بنا تو لیاقت آباد انڈرپاس پر غریب آباد انڈرپاس کے نام کا بورڈ لگا ہوا تھا، مشہور قوال اور نعت خواں امجد صابری میرے دور کا ہیرو تھا، بلدیہ عظمی کراچی نے 2021میں فیصلہ کیا کہ لیاقت آباد کے انڈرپاس کو امجد صابری کے نام سے منسوب کیا جائے، کراچی کے لوگ غلام فرید صابری کی خدمات کو فراموش نہیں کرسکتے، غلام فرید صابری کے نام پر بھی شہر کی کوئی جگہ منسوب کریں گے تاکہ ان کی فیملی کو تسکین ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے مختلف اقدامات کر رہے ہیں، یہ شہر ہم سب کا ہے، بلاتفریق محبت کا سفر جاری رہے گا، شہریوں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رحمان بابا کرکٹ اسٹیڈیم کی بحالی اور تزئین سے یہاں کے نوجوانوں کو کھیلوں کی بہترین سہولت فراہم ہوگی اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، کراچی کے ہر علاقے میں موجود کھیلوں کے میدان اور باغات آباد کریں گے۔