فلسطینیوں کے لیے سعودی عطیات کی رقم 158 ملین ڈالر تک پہنچ گئی

اس مہم کے نتیجے میں جنگ زدہ غزہ کی پٹی پر خاطرخواہ اثرات ہوں گے،رپورٹ

پیر 25 دسمبر 2023 13:25

فلسطینیوں کے لیے سعودی عطیات کی رقم 158 ملین ڈالر تک پہنچ گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2023ء) سعودی عرب کی مشرق وسطی ہی نہیں دنیا بھر کے ملکوں کے لیے امدادی کوششوں کی ایک تاریخ ہے۔ مگر جس طرح تھوڑے وقت میں ساہیم کے پلیٹ فارم سے فلسطینی کی مدد کی گئی ہے یہ منفرد ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ساہیم کا پلیٹ فارم سعدی امدادے ادارے شاہ سلمان ریلیف کے زیر اہتمام منظم کیا گیا ہے۔

یہ فلسطینیوں کی جاری بحران کے دنوں میں حیات بخش کوشش ہے۔ تاکہ انسانی چیلنج کے اس موقع پر فلسطینیوں کو زیادہ سے زیادہ امداد پہنچائی جا سکے۔اس کے تحت آن لائن عطیات کا سلسلہ شروع کر کے جدید ٹیکنالوجی کی مدد حاصل کی گئی ہے۔ تاکہ عطیات محفوظ انداز میں تیز تر اور بروقت طریقوں سے غزہ کے متاثرین تک پہنچ سکیں۔اب تک ایک اندازے کے مطابق 1،22 ملین افراد نے عطیات جمع کرائے ہیں۔

(جاری ہے)

ان عطیات کی رقم 593 ملین سعودی ریال ہے جو 158 ملین ڈالر کے برابر ہے۔سعودی عوام کو شامل کرنے سے شروع کی گئی اس مہم کے نتیجے میں غزہ کی پٹی پر خاطرخواہ اثرات ہوں گے۔ اس سے سعودی عوام کا عطیات کرنے کا جذبہ بھی سامنے آیا ہے۔گزشتہ ماہ نومبر میں شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس سلسلے میں ہدایات جاری کیں کہ اس پلیٹ فارم سے لوگوں کو متحرک کیا جائے۔

واضح رہے اس معاملے میں صرف عام لوگ ہی نہیں ادارے بھی حصہ لے سکتے ہیں۔ہر سعودی شہری ایک بٹن دبا کر اور ایک کلک کے ذریعے ملک کے اندر سے بھی اور بیرون ملک سے بھی اس امدادی مہم میں حصہ لے سکتا ہے۔ایک گمنام ڈونر نے اس بارے میں کہا کہ آج جو تصاویر ہم غزہ کے حوالے سے دیکھ رہے ہیں یہ تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں، ہم ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

شاہ سلمان ریلیف کے ترجمان الجتیلی کے مطابق 18 دسمبر تک غزہ میں 695 ٹن خوراک، پناہ گاہوں کا سامان، اور طبی امدای سامان کے ساتھ 32 طیارے بھیجے جا چکے ہیں۔جبکہ 3،787 ٹن کی امدد سے لدے جہاز غزہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ اب تک 514 کنٹینرز پر مشتمل امدادی سامان غزہ کے لیے جا چکا ہے۔ جن میں 20 ایمبولینس گاڑیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔ امدادی سامان ساڑھے چار ہزار ٹن ہو گیا ہے۔