زندہ قومیں چاہے وہ کسی مذہب سے ہوں اپنے محسنوں کوہمیشہ یاد رکھتی ہیں، مقبول باقر

پیر 25 دسمبر 2023 23:04

زندہ قومیں چاہے وہ کسی مذہب سے ہوں اپنے محسنوں کوہمیشہ یاد رکھتی ہیں، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2023ء) سندھ سمیت تمام دنیا کے لوگوں کو حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم ولادت اور اہل وطن کو بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کا 148 واں یومِ پیدائش مبارک ہو۔ یہ بات نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقرنے قائداعظم کی یوم پیدائش اور کرسمس کی مناسبت سے کراچی آرٹس کانسل میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے موقع پر کہی۔

تقریب میں صوبائی وزرا، محمد احمد شاہ، جنید شاہ، میئر کراچی مرتضی وہاب، آرٹس کانسل کے عہدیدار ڈاکٹر محمد ایوب شیخ اوردیگر اہم شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نگراں وزیراعلی سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ میں سندھ سمیت تمام دنیا کے لوگوں کو حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم ولادت مبارک باد دیتا ہوں ۔

(جاری ہے)

اور ہم پاکستانیوں کے لیے آج خوشی کا موقع ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 148 واں یومِ پیدائش منا رہے ہیں۔

جسٹس (ر)مقبول باقر نے کہا کہ زندہ قومیں چاہے وہ کسی مذہب سے ہوں اپنے محسنوں کوہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ ہم سب مل کر آج یہاں قائدا عظم کی بے لوث، انتھک اور شب و روز محنت کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔ نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی بدولت ہم آج ایک آزاد مملکت میں سانس لے رہے ہیں۔ مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ آج پیغمبرِ خدا حضرت عیسی علیہ السلام کا یومِ ولادت ہے۔

عیسائی برادری سمیت تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے تکریم کا اور مقدس دن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں سندھ اور پاکستان بھر کے لوگوں کو کرسمس ڈے کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، عیسائی برادتی کو یہ کہوں گا کہ ہم سب آپ کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے نے کہا کہ میں نے یہ اقلیتی امور کی وزارت ایک ایسے شخص کے سپرد کی ہے جس کی زندگی بلاتفریق مذہب اور رنگ و نسل حقوقِ انسانی کے لیے جہدِ مسلسل سے عبارت ہے۔

نگراں وزیراعلی سندھ مقبول باقر نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ سندھ کے ساحل سے سیاچن کے دامن تک پھیلی ہوئی دھرتی میں رنگا رنگ تہذیب و ثقافت کے جلوے دیکھنے کو ملتے ہیں، اگرچہ ہم بری معاشی و سماجی صورتحال سے دوچار ہیں مگر اس کے مجموعی ذمہ دار ہم خود ہیں،ہمیں اس سے نکلنے کے لیے نئی منزلوں کا تعین کرنا ہو گا اور ایسی راہوں کا انتخاب کرنا ہو گا جو معاشی، سماجی اور اخلاقی ترقی کی جانب ہوں اور اس کا حل بانی پاکستان نے بہت پہلے بتا دیا تھا جس پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔

نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ قائد اعظم نے 13 نومبر 1939 کو عید کے موقع پر نصیحت کی تھی کہ میں آپ کو مصروف عمل ہونے کی تاکید کرتا ہوں، کام کام اور بس کام، سکون کی خاطر، صبر و برداشت اور انکساری کے ساتھ اپنی قوم کی سچی خدمت کرتے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کی بنیاد ہوتے ہیں جس کے بغیر کوئی عمارت کھڑی نہیں ہوسکتی۔ قبل ازیں کراچی آرٹس کائونسل آمد پر نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر کا وزیر اطلاعات و اقلیتی امور اور آرٹس کانسل کے صدر محمد احمد شاہ اور عہدیداراں نے استقبال کیا۔