جھنگ، بہاولپور،لودھراں میں کھجور کی کاشت میں اضافہ

بدھ 27 دسمبر 2023 12:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2023ء) فیصل آباد ڈویژن کے ضلع جھنگ سمیت بہاولپور،لودھراں،وہاڑی، ملتان، مظفر گڑھ،ڈیرہ غازی خان میں کھجور کی کاشت میں اضافہ ہوگیاہے اور پاکستان میں کھجور کا زیر کاشت رقبہ 91145 ہیکٹرز اور پیداوار 539704ٹن جبکہ پنجاب میں زیر کاشت رقبہ 5981 ہیکٹرز اور کھجور کی پیداوار 44841 ٹن سے تجاوز کرگئی ہے جس میں ابھی بھی اضافہ کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

(جاری ہے)

ڈیٹ پام ریسرچ انسٹیٹیوٹ آری فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ کھجور جسے پھلوں میں انتہائی اہمیت حاصل ہے انسانی صحت کے لئے بے حد مفید ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کھجور کے مختلف حصوں سے 800 کے قریب مختلف اشیا تیار کی جاتی ہیں جس کی بہترین اقسام سعودی عرب، عراق، مصر اور ایران میں پائی جاتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان مختلف ممالک کو کھجور بر آمد کرتا ہے جن میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، کینیڈا، یونان، ڈنمارک، بھارت، جرمنی، نیپال، سپین، سری لنکا، امریکہ اور برطانیہ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان ممالک کو کھجور برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جاتا ہے جس سے ملک کی معاشی پوزیشن بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔