8 فروری کو پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت پاکستان کا اہم ترین الیکشن ہونے جا رہا ہے، خالد عزیز آرائیں

بدھ 27 دسمبر 2023 22:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 دسمبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) حیدرآباد ڈویژن کے صدر خالد عزیز آرائیں نے کہا ہے کہ 8 فروری کو پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت پاکستان کا اہم ترین الیکشن ہونے جا رہا ہے ان شاء اللہ کامیابی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ہو گی، میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک سے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کا خاتمہ ہو، پارٹی قائد جلاوطنی کے بعد وطن واپس آئے ہیں جس سے پارٹی میں بے پناہ جوش و جذبہ ابھرا ہے۔

وہ اپنی رہائش گاہ پر آئے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے، اس موقع پر سید فاروق مشتاق، میر یاسر تالپور، رانا راشد، تراب علی بروہی، سید علی رضا شاہ، زاہد آرائیں، سلمء نو پوٹواور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

خالد عزیز آرائیں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر احمد میمن کی قیادت میں ان شاء پاکستان مسلم لیگ ن پورے سندھ سے کامیابی حاصل کرے گی، میاں محمد نواز شریف ملک کے واحد لیڈر ہیں جنہوں نے غریب عوام کی بات کی ہے اور اس بار بھی وہ ملک کو ترقی دیکر اندھیروں سے نکالیں گے اور مایوسی کا خاتمہ کریں گے، میاں محمد نواز شریف کے اقتدار میں آنے سے ملک معاشی بحرانوں سے نکلے گا اور باشعور عوام ملک بھر سے پاکستان مسلم لیگ ن کو کامیاب کرائیں گے، انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف پاکستان کے وہ واحد سیاستدان ہیں جنہیں عوام کی ترقی خوشحالی اور وطن کی سلامتی غزیز ہے اس لئے وہ عوام کے دلوں میں بستے ہیں ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف نے ہی پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور کبھی بھی اصولوں پر سمجھوتا نہیں کیا اور پاکستان میں شریف برادران کا کردار ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ ہم پاکستان مسلم لیگ ن کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کریں گے اور ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ شہروں سے اندھیروں کا خاتمہ کر کے روشنیوں میں تبدیل کریں گے کیونکہ پاکستان مسلم لیگ ن وہ جماعت ہے جو عوامی خدمت کی بنیاد پر لوگوں سے ووٹ لیتی ہے۔