ننکانہ صاحب، سوئی گیس کا انتہائی کم پریشرشہرکے مختلف علاقوں میں سینکڑوں گھریلو صارفین کیلئے وبال جان بن گیا

جمعرات 28 دسمبر 2023 17:38

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2023ء) شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں کے صارفین نے بتایاہے کہ سوئی گیس کا انتہائی کم پریشر شہر کے مختلف علاقوں میں سینکڑوں گھریلو صارفین کیلئے وبال جان بن گیا۔شہریوں نے بتایا کہ سوئی نادرن گیس کمپنی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر گھریلوصارفین کے لئے فراہم کردہ گیس کا پریشر نہ ہونے پر سینکڑوں صارفین سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں جبکہ ناشتے ،دوپہر اور رات کے کھانے کے اوقات میں گیس کی بندش کی وجہ سے صبح بغیر ناشتے کے روزگار کے لئے جانا پڑ تا ہے۔

شہریوں کے مطابق اگر صورتحال کا نو ٹس نہ لیا گیا تو صارفین احتجاجا سڑ کوں پرنکلنے پر مجبور ہو جا ئیں گے۔شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ سے شہر و گردونواح کے بیشتر علاقوں میں سوئی گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہے۔

(جاری ہے)

گیس کی شدید ترین قلت پر گیس کے پریشر کو بڑھانے کے لئے بڑے پیمانے پرصارفین کمپریسروں کا استعمال کر رہے ہیں جس سے گھریلو صارفین کے لئے مشکلات پیدا کر رکھی ہیں ، محکمہ سوئی گیس کے ذمہ داران سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں جس سے شہر کی گنجان آبادیاں مکمل طور پر گیس بحران کی لپیٹ میں آ گئی ہیں۔

صرف ان گھروں میں گیس آ رہی ہے جہاں کمپریسر کے ذریعے گیس حاصل کی جا رہی ہے۔دوسری جانب گیس حکام نے بتایاکہ کمپریسر کا استعمال غیرقانونی ہے۔صارفین کو چاہیے کہ کمپریسر اتار دیں ورنہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں نے وزیراعظم پاکستان ، وفاقی وزیر پٹرولیم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔