ہماری جماعت بلند دعوئوں کی بجائے عملی سیاست پر یقین رکھتی ہے،حاجی میر عطاء محمد بنگزئی

' بلوچستان نیشنل پارٹی مرحوم سردار عطاء اللہ مینگل ، شہید حبیب جالب کی فکراور سنجیدہ سیاست کی بجائے مفادات تک محدود ہوکر رہ گئی،ضلعی صدر نیشنل پارٹی

جمعرات 28 دسمبر 2023 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 دسمبر2023ء) نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر حاجی میر عطاء محمد بنگلزئی نے کہا ہے کہ ہماری جماعت بلند دعوئوں کی بجائے عملی سیاست پر یقین رکھتی ہے جس کی وجہ سے لوگ جوق در جوق پارٹی میں شامل ہورہے ہیں جس طرح کامریڈ رحمت بلوچ نے شہید حبیب جالب بلوچ کے خاندان اور بہی خواں ہوتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی سے 27 سالہ رفاقت ختم کرکے نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر علی احمد لانگو، کلثوم نیاز ، ادریس شاہوانی، فاروق شاہوانی سمیت د یگر بھی موجود تھے۔ کامریڈ رحمت اللہ بلوچ نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی مرحوم سردار عطاء اللہ مینگل ، شہید حبیب جالب کی فکراور سنجیدہ سیاست کی بجائے مفادات تک محدود ہوکر رہ گئی۔

(جاری ہے)

نیشنل پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو بھڑک بازی بلند و بانگ دعوئوں کی بجائے عملی سیاست اور جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ حبیب جالب بلوچ قومی فکری و نظریاتی سیاست سے وابستہ رہے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں ان کی طویل سیاسی جدوجہد میں نشیب و فراز آئے بی این پی کے سخت دنوں میں پارٹی قائد سمیت تمام قیادت بیرون ملک رہ کر سیاسی سرگرمیوں سے دور رہے لیکن شہید حبیب جالب بلوچ قوم کے ساتھ رہ کرپارٹی سرگرمیاں جاری رکھیں ہمارا خاندان سیاسی ہے بلوچستان کی قومی سیاست میں سنجیدگی و فکر کو بلند رکھا شہید حبیب جالب بلوچ نے زمانہ طالب علمی سے بلوچ قومی فکری و نظریاتی سیاست سے وابستہ رہے جلا وطنی قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں ان کی طویل سیاسی جدوجہد میں مشکلات کے باوجود اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ان کی تربیت سے آج ہزاروں سیاسی کارکن سیاست کا حصہ ہیں شہید حبیب جالب نے مفادات و مراعات کی سیاست نہیں کی سیاست میں عزت و پہچان بنایا۔

حبیب جالب بلوچ کی پار ٹی سے طویل وابستگی رہی شہادت سے قبل بھی مرکزی سیکرٹری جنرل رہے شہید نے بی این پی کو منظم و متحرک کرکے تمام حالات کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ہے۔ سریاب شہید کا گھر اور قوم پرستی کا محور ہے ۔ لیکن سریاب مسائل کا گڑھ بن چکا ہے پسماندگی کو علاقہ کا مقدر بنادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شعوری سیاسی طور پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی قیادت میں بلوچ و بلوچستان کی قومی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بی این پی مفاد پرستوں کی پارٹی بن کر رہ گئی ہے ہم اپنی 27 سالہ طویل رفاقت کو ختم کرکے بلوچستان نیشنل پارٹی سے مستعفی ہوکر نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہیں اور پارٹی کو مضبوط اور فعال بنا نے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گی