جمعیت (س) انتخابات میں کسی بھی پارٹی سے انتخابی اتحاد وزارتوں کی تقسیم کیلئے نہیں کرے گی،مولانا محمد شفیق ولتزئی

ہفتہ 6 جنوری 2024 20:42

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جنوری2024ء) جمعیت علماء اسلام (س) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور حلقہ پی بی 3 قلعہ سیف اللہ و مسلم باغ سے صوبائی اسمبلی کے نامزد امیدوار مولانا محمد شفیق ولتزئی نے کہا ہے کہ جمعیت(س) انتخابات میں کسی بھی پارٹی کیساتھ انتخابی اتحاد وزارتوں کی تقسیم کے لئے نہیں کرے گی۔ چونکہ ہماری جماعت کے منشور دستور لائحہ عمل کا بنیادی مقصد ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے وزارتیں حصول و منشور میں شامل نہیں۔

جو بھی پارٹی اسلامی نظام کے نفاذ میں مخلص ہو تو جمعیت (س) ان کے ساتھ اتحاد کرے گی چونکہ ہم نے بلوچستان کے سطح پر انتخابی کونسل کی تشکیل کردی ہے۔ جن کے ممبران صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالقیوم میرزئی، مرکزی عہدیداران مولانا محمد شفیق دولتزئی ، انجینئر نسیم مسعود ہے ان کے علاوہ کوئی عہدیدار کسی پارٹی کے ساتھ اتحاد یا تعاون کرنے کااختیار نہیں ہے جبکہ اکوڑہ خٹک نوشہرہ میں قائد جمعیت مولانا حامد الحق حقانی سے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف جمعیت (ف) گروپ جماعت اسلامی کے اہم عہدیداروں نے علیحدہ علیحدہ انتخابی اتحاد بارے بات کی ہے مگر انہوں نے سب کو واضح کردیا ہے کہ ہماری پارٹی وزارتوں اور مفادات کے لئے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء مولانا محمد شفیق دولتزئی نے ایران کے شہر کرمان میں سابق جنرل قاسم سلیمانی کے مقبرے کے قریب دہشت گردی کے دھماکوں میں 200 سے زائد افرا کے جاں بحق اور 180 سے زائد کے زخمی ہونے پر غم و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ امریکہ ، اسرائیل یہود و ہنود مسلمانوں کے ازلی دشمن ہے انہوں نے فلسطین سمیت ہر جگہ مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں۔ تمام مسلم امہ کو متحد ہوکر کفری قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہئے۔