آ*سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی اور جامعہ کراچی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد

بدھ 10 جنوری 2024 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جنوری2024ء) سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی اور جامعہ کراچی کے درمیان گزشتہ روز مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ نورین اور جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے ایم او یو پر دستخط کیے۔

ایم او یو کے مطابق دونوں جامعات کے درمیان فیکلٹی اور طلبہ کی سطح پر مختلف تعلیمی شعبہ جات میں تحقیقی و مطالعاتی حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا جس میں کینسر پر ریسرچ کیساتھ نینو ٹیکنالوجی سرفہرست ہیں۔ علاوہ ازیں دونوں جامعات میں وفود کے تبادلی, باہمی طور پر بین القوامی سطح کے سیمینار اور کانفرنسز کے آغاز اور ریسرچ کیلئے سٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ نورین نے کہا کہ جامعہ کراچی کیساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہمارے لیے انتہائی پرمسرت اور تاریخی لمحہ ہے جبکہ انہوں نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کی تعلیم نسواں و معیاری تعلیم کیلئے اقدامات کو سہراتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور مزید کہا کہ وہ علم کے چراغ کو بلوچستان کے گھر گھر جاکر روشن کررہے ہیں جبکہ مذکورہ ایم او یو سے بلوچستان کی طالبات کو جامعہ کراچی کے ذریعے بین عالمی سطح کے مواقع بھی فراہم ہونگی. مزید برآں, وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کا دورہ جامعہ کراچی تعلیم نسواں کی فروغ اور بہتری کیلئے تسلسل کا حصہ ہی.