اوپن یونیورسٹی اوراین سی ایچ ڈی کے مابین مفاہمت کی یاداشت پردستخطوں کی تقریب

جمعرات 11 جنوری 2024 17:27

اوپن یونیورسٹی اوراین سی ایچ ڈی کے مابین مفاہمت کی یاداشت پردستخطوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ(این سی ایچ ڈی)کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب گذشتہ روز یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔معاہدے کے مطابق بنیادی تعلیم، خواندگی اور ہنر کی تعلیم پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے پاکستان میں انسانی ترقی کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔

آئوٹ آف سکول بچوں کو داخل کرنے کے لئے مشترکہ اقدامات، طلبہ کو انٹرم شپ کے مواقع فراہم کرنا، پراجیکٹس بیسڈ مشترکہ تحقیقی سرگرمیاں، سیمینار، ورکشاپس اینڈ کانفرنسز کا انعقاد معاہدے میں شامل ہیں۔معاہدے کے مطابق میگزین، نیوز لیٹر، کتابیں اور دیگر لٹریچر کا باہمی تبادلہ کیا جائے گا۔این سی ایچ ڈی اپنے لیکچرز اور اسباق کی ریکارڈنگ کے لئے یونیورسٹی کے سٹوڈیوز کا استعمال کرے گا۔

(جاری ہے)

این سی ایچ ڈی اوپن یونیورسٹی کے طلبہ کے لئے انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرے گا۔تقریب کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کی۔ معاہدے کی دستاویزات پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے شعبہ فاصلاتی، غیر رسمی و جاریہ تعلیم کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اجمل نے جبکہ این سی ایچ ڈی کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل مرزا ناصر الدین مشہود احمد نے دستخط کئے۔

تقریب میں یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر فضل الرحمن، آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد لطیف گوندل، ڈائریکٹر کوآرڈنیشن اینڈ فالو اپ ڈاکٹر سیّد عامر شاہ کے علاوہ فیکلٹی ممبران جبکہ این سی ایچ ڈی کے ڈائریکٹر ایجوکیشن حبیب اللہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن طاہر حمید وائیں اور ڈپٹی ڈائریکٹر لٹریسی طاہر زبیر تقریب میں شریک تھے۔

ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت ہمارے طلبہ کو انٹرن شپ کے مواقع ملیں گے جس پر مجھے خوشی ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم این سی ایچ ڈی کو ٹیچرز ٹریننگ میں بھرپور تعاون فراہم کرسکتے ہیں اور ہماری سٹوڈیوز کی سہولت بھی این سی ایچ ڈی کو حاصل ہوگی۔ڈی جی، این سی ایچ ڈی مرزا ناصر الدین مشہود نے کہا کہ ملک میں اوپن یونیورسٹی کا بڑا سیٹ اپ ہے،اشتراک سے تجربات اور ہیومن ریسورس کا بہتر استعمال کرسکیں گے۔