الیکشن کمیشن نے عوامی نیشنل پارٹی کو کیے گئے جرمانہ کی رقم بڑھا دی

عوامی نیشنل پارٹی کو جرمانے کی مد میں اب ایک لاکھ روپے دینا ہوں گے۔ذرائع الیکشن کمیشن

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 13 جنوری 2024 13:49

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13جنوری2024 ء) الیکشن کمیشن نے عوامی نیشنل پارٹی کو کیے گئے جرمانہ کی رقم بڑھا دی۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق اب عوامی نیشنل پارٹی کو جرمانے کی مد میں اب ایک لاکھ روپے دینا ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے جرمانہ کی رقم بڑھا دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے پہلے 20 ہزار کا جرمانہ کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے آج محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اے این پی کو انتخابی نشان الاٹ کیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے عوامی نیشنل پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ عام انتخابات کا شیڈول دیا جاچکا ہے لیکن ہم اے این پی کی درخواست کو مان رہے ہیں اور حکم دے رہے ہیں کہ عوامی نیشنل پارٹی 10مئی تک انٹرا پارٹی انتخابات کرائے ۔

(جاری ہے)

عوامی نیشنل پارٹی تین ماہ میں انٹراپارٹی انتخابات ہر صورت کروائے ۔

واضح رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کو انٹراپارٹی انتخابات نہ کروانے کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے پارٹی صدر اسفندیارولی کو نوٹس جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اے این پی نے تاحال انٹراپارٹی الیکشن نہیں کروائے ۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کوانٹراپارٹی انتخابات نہ کرانے پرانتخابی نشان الاٹ نہیں کیاتھا۔ الیکشن کمیشن کے نوٹس کے جواب میں عوامی نیشنل پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مزید مہلت مانگی تھی۔

گزشتہ سماعت پرالیکشن کمیشن میں اے این پی انٹرا پارٹی الیکشن کیس میں میاں افتخار کی 6 ماہ کی مہلت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔چیف الیکشن کمشنر کاکہنا تھاکہ کوئی ایکسکیوز نہیں ہے کہ انٹراپارٹی الیکشن نہ کروائے جائیں، لگتا نہیں کہ آپ اگلا الیکشن اپنے نشان پر لڑ پائیں گے، ہوسکتا ہے اے این پی کو توسیع ملے، ہو سکتا ہے نہ دیں، آپ کو تو ساڑھے تین سال بعد ہی انٹراپارٹی الیکشن کی تیاری کرنی چاہیے تھی۔