اے این پی ضلع ملاکنڈ کے صدر اعجازعلی خان کو پارٹی کی جانب سے نوٹس

منگل 16 جنوری 2024 15:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2024ء) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے پارٹی آئین اور تنظیم کی خلاف ورزی پر اے این پی ضلع ملاکنڈ کے صدر اعجازعلی خان کو نوٹس جاری کردیا۔ منگل کو اے این پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلعی صدر اور امیدوار قومی اسمبلی کے باوجود اعجازعلی خان گروپ بندی، سیاسی جماعتوں سے رابطوں، کارکنان کو پارٹی کے خلاف بغاوت پر اکسانے میں ملوث پائے گئے ہیں جس سے پارٹی کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق پارٹی کا امیدوار ہونے کے باوجود اعجازعلی خان نے نہ صرف پارٹی کو اعتماد میں لیے بغیر این اے 9 سے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیے اور پارٹی کے صوبائی امیدوار کے خلاف آر او کے پاس کاغذات کیوں جمع کروائے بلکہ پارٹی کے صوبائی امیدوار کے خلاف پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ۔بیان کے مطابق اعجاز علی خان سے تین دن کے اندر تسلی بخش جواب طلب کیا گیا ہے۔ یہ نوٹس اے این پی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔