آئی سی سی آئی اوریونیسف پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

جمعہ 19 جنوری 2024 16:03

آئی سی سی آئی اوریونیسف پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کیلئے مفاہمت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2024ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یونیسف پاکستان نے باہمی تعاون کے ذریعے پسماندہ طبقات کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور پاکستان میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب پیشرفت کے لئے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری اور یونیسف پاکستان کے نمائندہ عبداللہ اے فاضل نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے صحت و تعلیم، بچوں کے تحفظ، ہنرمندی کی ترقی ، موسمیاتی تبدیلی ، غذائیت، پینے کے صاف پانی، صفائی، حفظان صحت اور سماجی تحفظ سمیت دیگر شعبوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے یونیسف پاکستان کی کوششوں کو سراہا جس کی وجہ سے خاص طور پر معاشرے کے کمزور طبقات کی مشکلات کم ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر بچوں کے حقوق کے بہتر تحفظ اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کی کوششوں میں یونیسف پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیسف جیسے ادارے پاکستان میں غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مفید کردار ادا کر رہے ہیں ،تاجر برادری ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اپنے اراکین کو یونیسف کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے متحرک کرے گا اور غریب لوگوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں چیمبر کے ممبران اور یونیسف پاکستان کے درمیان پارٹنرشپ کو فروغ دینے کی کوشش کرے گا۔

پاکستان میں یونیسف کے نمائندے عبداللہ اے فاضل نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر آئی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یونیسیف پاکستان آئی سی سی آئی کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اور دیگر شعبوں میں بہتری لانے کیلئے کوشش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیسیف بچوں کے حقوق کے بہتر تحفظ اور سکول سے باہر بچوں کو نظام تعلیم میں لانے کے لئے چیمبر کے ساتھ مل کر کردار ادا کرے گا۔

آئی سی سی آئی اور یونیسف مشترکہ طور پر حکومت پر زور دیں گے کہ وہ کاروبار اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو فروغ دینے، معاشرے کے پسماندہ لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے سازگار پالیسیوں کی تشکیل اور ریگولیٹری فریم ورک کو بہتر کرنے پر توجہ دے۔انجینئر اظہر الاسلام ظفر نائب صدر آئی سی سی آئی، خالد اقبال ملک گروپ لیڈر، ظفر بختاوری سابق صدر آئی سی آئی اور سیکرٹری جنرل یو بی جی پاکستان، جوسیانے کھوری پارٹنرشپ منیجر یونیسف، فصیح اللہ خان، مقصود تابش، راجہ محمد امتیاز، شیخ محمد اعجاز، چوہدری محمد علی ، خالد چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔