پاکستان کا ایران سے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ نے قومی سلامتی کمیٹی فیصلوں کی توثیق کر دی، ایران سے سفارتی تعلقات بحال کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی، پاکستانی سفیر جلد واپس جاکر ذمہ داریاں سنبھالیں گے

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 جنوری 2024 20:09

پاکستان کا ایران سے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جنوری2024ء) پاکستان کا ایران سے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ، وفاقی کابینہ نے قومی سلامتی کمیٹی فیصلوں کی توثیق کر دی، ایران سے سفارتی تعلقات بحال کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی، پاکستانی سفیر جلد واپس جاکر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے ایران سے سفارتی تعلقات بحال کرنے کی منظوری دے دی، کابینہ ذرائع کے مطابق پاکستانی سفیر جلد واپس جاکر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ وفاقی کابینہ نے قومی سلامتی کمیٹی فیصلوں کی توثیق کر دی، وزیراعظم آفس قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے فیصلوں کا اعلامیہ جاری کرے گا۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز وفاقی کابینہ کے اجلاس سے قبل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، ایئر اور نیول چیفس سمیت نگران وزیر خارجہ، خزانہ اور خفیہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاک ایران کشیدگی پر غور کیا گیا، وزارت خارجہ کے حکام کی جانب سے شرکا کو بریفنگ دی گئی، قومی سلامتی کمیٹی میں دفاعی اداروں کی جوابی سٹرائیک پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا نے ایرانی جارحیت کے جواب میں موثر کارروائی پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا، کمیٹی نے پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کرنے کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہمارا جواب موثر اور اہداف کے حصول پر مبنی تھا، پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، تمام ہمسائیوں سے امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔