نئی اے پی سی وہیکلز سے کچہ ایریا، دشوار گزار و دلدلی دریائی علاقوں میں موثر کارروائیوں میں بے حد مدد ملے گی‘ عثمان انور

پنجاب پولیس کے کمانڈوز نے نئی ملنے والی اے پی سی گاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے‘ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب

ہفتہ 20 جنوری 2024 21:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی قیادت میں پنجاب پولیس دہشت گردوں، شر پسندوں، جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لئے پرعزم اور مصروف عمل ہے اور اس سلسلے میں پنجاب پولیس کو فیلڈ آپریشنز کیلئے نئی اے پی سی وہیکلز سے لیس کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ نئی اے پی سی وہیکلز سے کچہ ایریا، دشوار گذار و دلدلی دریائی علاقوں میں ڈاکوں، ملک دشمن عناصر کے خلاف موثر کارروائیوں میں بے حدمدد ملے گی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے کمانڈوز نے نئی ملنے والی اے پی سی گاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے، پنجاب پولیس اب تک کچے کا 61 ہزار 500 ایکڑ سے زائد علاقہ خطرناک ڈاکوں اور دہشت گردوں سے پاک کروا چکی ہے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ کچہ ایریاز کو حکومت پنجاب اور عسکری اداروں کے تعاون سے امن کا گہوارہ بنائیں گے، ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کو جدید اے پی سی وہیکلز کی فراہمی ممکن بنانے پر حکومت پنجاب اور پاک آرمی کے شکر گذار ہیں،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس موسم کی شدت، سیلاب اور نامساعد حالات کے باوجود کچہ ایریاز میں ثابت قدم ہے، شہادت کے جذبے سے سرشار ہمارے بہادر پولیس جوان ملک و قوم کی حفاظت کے لئے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔