’خواب میں تشدد‘ سعودی طالبہ نے ٹیچر کیخلاف انوکھی شکایت درج کرادی

انتظامیہ کی جانب سے طالبہ کی درج کروائی جانے والی شکایت پر تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 جنوری 2024 16:57

’خواب میں تشدد‘ سعودی طالبہ نے ٹیچر کیخلاف انوکھی شکایت درج کرادی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جنوری 2024ء ) سعودی عرب میں ایک طالبہ نے اپنی سکول ٹیچر کے خلاف انوکھی شکایت درج کروادی۔ اردو نیوز نے ’الوطن‘ اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ یہ عجیب و غریب واقعہ جنوبی سعودی عرب میں پیش آیا جہاں ایک سکول کی ٹیچر کے خلاف طالبہ کے گھر والوں نے شکایت درج کروائی اور طالبہ کی اس شکایت پر تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی لیکن جب اس شکایت کے بارے میں ٹیچر سے تفتیش کی گئی تو کمیٹی کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔

بتایا گیا ہے کہ طالبہ نے ایک خواب دیکھا جس میں ٹیچر اسے زدوکوب کررہی ہے، نیند سے بیدار ہونے کے بعد اس نے اپنے خواب کے بارے میں گھر والوں کو بتایا تو انہوں نے وزارت تعلیم کے رابطہ پورٹل پر ٹیچر کے خلاف شکایت درج کروادی اور محکمہ نے اس شکایت کا نوٹس لے لیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ طالبہ کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کی روشنی میں تشکیل دی جانے والی کمیٹی جب معاملے کی تحقیقات کے لیے سکول پہنچی تو اس کے علم میں آیا کہ شکایت تو خواب پر مبنی ہے اور درحقیقت ایسا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا اور جو کچھ بھی ہوا وہ طالبہ کا صرف ایک خواب تھا، حقیقت کا پتا چلنے کے بعد تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے معاملہ نمٹاتے ہوئے شکایت کی فائل بند کردی گئی۔

دوسری طرف ایک سعودی ٹیچر طالب علموں کو خوشگوار سرپرائز دیتے ہوئے سکول میں آئس کریم کا ٹرک لے آیا، استاد نے سکول میں آئس کریم کا ٹرک لا کر اپنے طلباء اور ساتھی اساتذہ میں آئس کریم کونز بانٹ کر انہیں حیران کردیا، یہ لمحہ طلباء کے لیے باعث حیرت ہونے کے ساتھ ان کے لیے خوشی کا باعث بھی بنا، وہ آئس کریم سے اپنا حصہ لینے کے لیے جمع ہوئے اور تحفے پر خوشی کا اظہار کیا۔