بلاول نے کراچی میں سیاسی تفریق کے بغیر ترقی کی بنیاد رکھی،پیپلزپارٹی امیدواراین ای235

جبر کی سیاست ختم کرنے کے لئے میدان میں آئے ہیں،اس شہر کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں پابندیوں کے بعداسے چھوڑا تھا،آصف خان

بدھ 24 جنوری 2024 18:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات،کنوینرضلع شرقی اورامیدواربرائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 235 آصف خان،امیدوارپی ایس 98حاکم علی جسکانی نے کہاہے کہ بلاول بھٹو نے کراچی میں سیاسی تفریق کے بغیر ترقی کی بنیاد رکھی،جبر کی سیاست ختم کرنے کے لئے میدان میں آئے ہیں،ہم اس شہر کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں پابندیوں کے بعداسے چھوڑا تھا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے سادات امروہہ سوسائٹی،زہراسوسائٹی،بلاول شاہ نورانی ویلیج،سیتانگرسچل میں کارنرمیٹنگ،انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا،جلسہ سے قبل پیپلزپارٹی امیدواروں کا شانداراستقبال اورآتش بازی کامظاہرہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسیدسادات حسین،کاشف زبیری، رضاجعفری، محمدفراز نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کااعلان کیا۔

پیپلزپارٹی کے نامزد امیدواروں آصف خان،حاکم جسکانی نے کرن اسپتال صفوراکے قریب پیپلزپارٹی کے انتخابی دفترکاافتتاح کیا۔آصف خان نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلاول بھٹو نے کراچی میں سیاسی تفریق کے بغیر ترقی کی بنیاد رکھی ہے،انتخابات میں کامیاب ہوکر ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں انتخابی پابندیوں کے باعث ترقی کا سفر ادھوراچھوڑا تھا۔

انہوں نے کہاکہ روزی روٹی اورآپ کوچھت کی فراہمی کاوعدہ بلاول بھٹو پورا کریں گے،کچی آبادیوں کی ترقی اوربنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پرکام کریں گے۔پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوارپی ایس 98 حاکم علی جسکانی نے کہاکہ بلاول بھٹو نفرت اورتقسیم کی سیاست نہیں،عوامی مسائل حل کرنے کی جدوجھد کررہے ہیں،اسکیم 33 میں صاف پانی کا نظام بہتر اورہرگھرتک پہنچائیں گے،گیس کے پائپ کے تبدیلی اوربحالی کانظام بہتربنایا جائے گا،آپ کے علاقوں میں نکاسی آب اور سیوریج کے نظام کوبہتربنائیں گے۔

پیپلزپارٹی امیدواروں کاکہنا تھاکہ آپ کا جذبہ دیکھ کر یقین ہے کہ 8 فروری کو صرف ''تیر'' پر ہی مہر لگائیں گے ہم نتخابات میں کامیاب ہوکر کراچی کی پسماندہ آبادیوں کی تقدیر بدل دیں گے۔