سپریم کورٹ نے جمعیت علماء اسلام کے امیدوار عبدالحفیظ لونی کو این اے 252 سے انتخاب میں حصہ لینے سے روک دیا

بدھ 24 جنوری 2024 20:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جنوری2024ء) سپریم کورٹ نے جمعیت علماء اسلام کے امیدوار عبدالحفیظ لونی کو این اے 252 سے انتخاب میں حصہ لینے سے روک دیاہے اوران کی اپیل مسترد کر دی۔ سپریم کورٹ نے عبدالحفیظ لونی کی الیکشن ٹریبونل اور بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی جسے عدالت عظمیٰ نے مسترد کرتیہوئے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھاہے۔

بدھ کوچیف جسٹس قاضی فائزعیسیی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی اس دوران عبدالحفیظ لونی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ میرا موکل نیب کرپشن کیس میں سزایافتہ ہے ، سزا پوری ہو چکی ہے اس لیے الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے ، چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کا موکل صرف 2 سال اور 2 ماہ جیل میں رہا ہے اور 8 سال تک آپ کا موکل پے رول پر جیل سے باہر رہاہے ، نیب عدالت نے 10 سال قید اور 5 کروڑ روپے جرمانہ کیا تھا ، پانچ کروڑ کا جرمانہ ابھی بھی ادانہیں کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایسے لوگ بلوچستان کے عوام کی نمائندگی نہ کریں، الیکشن نہ لڑیں ، گھر بیٹھیں ، الیکشن میں آپ کا خرچہ ہو گا۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ 5 کروڑ کا جرمانہ ادا نہ کرنے پر اس کی پراپرٹی ضبط ہونی چاہیے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے جے یو آئی رہنما عبدالحفیظ لونی کو انتخاب میں حصہ لینے سے روکتے ہوئے اپیل مسترد کر دی۔