جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پرپولیس کا چھاپہ، داماد اور نواسے ملازمین سمیت گرفتار

رات ایک بجے پولیس نے بغیر وارنٹ رہائش گاہ پر چھاپہ مارا ، داماد شاہد بہار ہاشمی اور نواسے قاسم ہاشمی کو گرفتارکرکے لے گئے، جاوید ہاشمی کا ٹوئیٹر(ایکسں) پرٹوئیٹ

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 25 جنوری 2024 10:31

جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پرپولیس کا چھاپہ، داماد اور نواسے ملازمین ..
ملتان(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25جنوری 2024 ء) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماءجاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر پولیس کا چھاپہ،داماد اور نواسے کو ملازمین سمیت گرفتار کرلیا۔ جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر تحریک انصاف کا ورکرز کنونشن ہو رہا تھا کہ پولیس نے چھاپہ مارا ۔ چھاپے کے دوران گرفتار ہونے والے  شاہد بہار ہاشمی آزاد امیدوار ہیں۔ ورکرز کنونشن میں پی ٹی آئی رہنما مہر بانو قریشی اور زین قریشی نے بھی شرکت کرنا تھی۔

اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر(ایکس)پر شیئر کردہ اپنی ٹوئیٹ میں جاوید ہاشمی نے بتایا کہ رات ایک بجے پنجاب پولیس کے بیسیوں اہلکاروں نے میری مخدوم رشید کی رہائش گاہ کا محاصرہ کیا اور غیرقانونی طور میرے گھر کی چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے بلا وارنٹ اندر داخل ہوگئے اور میرے داماد شاہد بہار ہاشمی اور نواسے قاسم ہاشمی کو غیرقانونی طور پر تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

 

جاوید ہاشمی نے اپنی پوسٹ میں اپنی رہائش گاہ پر ہونے والی مبینہ توڑ پھوڑ کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

واضح رہے کہ 22جنوری کو جاوید ہاشمی نے عام انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا اورتحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا تھا۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے بطور امیدوار دستبردار ہونے اور اپنی پوری قوت کے ساتھ پی ٹی آئی کے پلڑے میں جانے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص پہلی صف میں کھڑا ہوگا میں اس کی مکمل سیاسی و اخلاقی حمایت کروں گا۔ جاوید ہاشمی نے اعلان کیا تھاکہ میں الیکشنز کا بائیکاٹ نہیں کررہا بلکہ اب اپنے لئے نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے امیدوار کیلئے ووٹ مانگوں گا۔ جاوید ہاشمی نے یہ بھی کہا کہ اب میں ووٹ مانگنے کی بجائے میں آواز بلند کروں گا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے ملتان کے حلقہ این اے 149 سے بطور آزاد امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔