صوبائی حکومت ضم اضلاع کی تیز رفتار ترقی کےلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے،نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

جمعرات 25 جنوری 2024 21:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2024ء) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع کی تیز رفتار ترقی کےلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے،ضم اضلاع کے عوام نے ملک و قوم کی خاطر بڑی قربانیاں دی ہیں ، ان کے ہم پر بڑے احسانات ہیں ،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا اور باالخصوص ضم اضلاع کے لوگوں کی قربانیاں بے مثال ہیں۔

اس جنگ میں ضم اضلاع کے شہداءکی ایک طویل فہرست ہے جس میں علاقے کے ملک صاحبان، مشران، لیوی اور خاصہ دار فورس کے اہلکار اور عوام سمیت سب شامل ہیں۔ آج اگر ہم پر امن فضا میں سانس لے رہے ہیں تو یہ انہی قربانیوں کا مرہون منت ہے ۔ وہ جمعرات کو سابقہ فاٹا (ضم اضلاع) کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے سابقہ فاٹا سیکرٹریٹ سے یادگار شہداءکو سول سیکرٹریٹ پشاور میں منتقل کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ، انہوں نے کہا کہ حکومت سمیت پوری قوم ضم اضلاع کے لوگوں کی ان قربانیوں پر بجا طور فخر محسوس کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سابقہ فاٹا سیکرٹریٹ سے یادگار شہداءکی سول سیکرٹریٹ میں منتقلی کا مقصد بھی ضم اضلاع کے شہداءکو ایک بار پھر سے خراج عقیدت پیش کرنا،ان کی عظیم قربانیوں کا اعتراف کرنا اور ان کی یادوں کو زندہ رکھنا ہے۔ سید ارشد حسین شاہ کا کہنا تھاکہ سابقہ قبائلی علاقے گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری بدامنی کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں وہاں پر زندگی کا ہر ایک طبقہ اور شعبہ مشکلات سے دو چار رہا ہے، اب وقت کا تقاضا ہے کہ ضم اضلاع کی پسماندگی اور وہاں کے لوگوں کی محرومیوں کا ازالہ کرنے اور ان علاقوں کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کےلئے ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت مالی مشکلات کے باوجود ضم اضلاع کی تیز رفتار ترقی کےلئے نہ صرف پر عزم ہے بلکہ اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبائی حکومت ضم اضلاع کے مالی مسائل اور آئینی حقوق کا معاملہ وفاق کے ساتھ بھر پور انداز میں اٹھا رہی ہے ،ضم اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل کو کم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نگران حکومت نے خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام کا اجراءکردیا ہے جس کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے دیگر اقدامات کے علاوہ نوجوانوں کو روزگار دینے کے لئے بھی ایک پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو جدید تربیت فراہم کرکے انہیں روزگار کےلئے بیرون ملک بھیجا جائے گا۔

اس پروگرام کے تحت ضم اضلاع کے نوجوانوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ سید ارشد حسین نے اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ہدایت کی کہ وہ ضم اضلاع کے لوگوں کو درپیش مسائل حل کرنے کےلئے خصوصی طور پر وقت دیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اس مقصد کے لئے خصوصی اجلاس منعقد کریں گے اور ضم اضلاع میں عوام کو درپیش مسائل کے ازالے کےلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ نگران صوبائی کابینہ کے اراکین ، چیف سیکرٹری اور صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز کے علاوہ ضم اضلاع سے ملک صاحبان ، عمائدین علاقہ اور شہداءکے ورثاءنے تقریب میں شرکت کی۔