Live Updates

اس انتخابات میں مسلم لیگ ن کا سندھ سے صفایا ہو جائے گا، سعید غنی

ہمیں یقین ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی کی سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی،پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 27 جنوری 2024 17:10

اس انتخابات میں مسلم لیگ ن کا سندھ سے صفایا ہو جائے گا، سعید غنی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ اس انتخابات میں مسلم لیگ ن کا سندھ سے صفایا ہو جائے گا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ مریم نواز سندھ میں اپنے 15 امیدوار بتا دیں، مسلم لیگ ن کو تو سندھ میں امیدوار ہی نہیں ملے، مریم نواز سیاسی تنقید ضرور کریں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو تو امیدوار ہی نہیں مل رہے تھے، مختلف جماعتوں سے مل کر الیکشن لڑ رہے ہیں، ہماری مخالف جماعتوں کو پتہ ہے کہ وہ مل کر ہمیں ہرا نہیں سکتے۔سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم سے خیر کی توقع نہیں، ایم کیو ایم نے کراچی کا حشر نشر کر دیا، ہمیں یقین ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی کی سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی، پیپلز پارٹی نے کراچی کے لوگوں کی خدمت کی ہے، کراچی میں پیپلز پارٹی کی کارکردگی پہلے سے بہتر ہے، پی پی کراچی کی سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئے گی، پی پی انتخابی مہم میں بھی لیڈ کر رہی ہے، رئوف صدیقی کو دعوت دیتا ہوں کہ لوگوں سے پوچھیں کام ہوا کہ نہیں۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ آزاد امیدواروں کے پاس اختیار ہوتا ہے کسی بھی جماعت میں شامل ہو جائیں، ماضی میں جو قوتیں استعمال ہوئیں، جو پی ٹی آئی کو لائیں وہ بھی نہیں ہونا چاہیے، فہمیدا مرزا 26 کروڑ کی ڈیفالٹر ہیں، سمجھ سے بالا تر ہے کہ کن وجوہات پر ان کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی گئی۔انہوںنے کہا کہ جو پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، وہ ہمارے پرانے ساتھی ہیں، شاہجہان بلوچ، اکبر یوسف زئی اور عابد سومرو پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہجہان بلوچ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے یونین کونسل کا چیئرمین منتخب ہوا، پیپلز پارٹی غلط فہمی کی بنیاد پر چھوڑی، قیادت کا شکر گزار ہوں کہ مجھے ویلکم کیا، پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو مزید مضبوط پوزیشن میں لائیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات