مسئلہ بائیکاٹ سے نہیں ووٹ کے درست استعمال سے حل ہوگا، مظہر جعفر

لوگ مایوس ہو کو گھر بیٹھ جاتے ہیں، اس طرح مافیاز کو کھیلنے کیلیے کھلا میدان مل جاتا ہے ،امیدوار این اے 234

ہفتہ 27 جنوری 2024 17:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2024ء) این اے 234 اور پی ایس 94 سے برابری پارٹی کے امیدوار مظہر جعفر نے کہا ہے کہ عام لوگ تمام سیاسی پارٹیوں سے مایوس ہوچکے ہیں جس کا واضح ثبوت الیکشن میں عوام کی عدم دلچسپی ہے، لوگ مایوس ہو کر گھروں میں بیٹھ رہے ہیں، جو کہ مسائل کا حل نہیں ہے، بلکہ مسائل کو مزید بڑھکانے کا سبب بنے گا۔ مختلف علاقوں میں انتخابی مہم کے دوران لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے مظہر جعفر نے کہا کہ عام لوگ جب تک اپنے ووٹ کا درست استعمال نہیں کریں گے، تب تک اسی طرح محرومیوں اور ظلم و ستم اور اشرافیہ کے جبر کا شکار رہیں گے، اس وقت لوگ بھوک سے خودکشیاں کر رہے ہیں، بیروزگاری اپنی انتہاپر پہنچ چکی ہے، ہر طرف لاقانونیت کا دور دورہ ہے، لیکن امیر سیاستدانوں کو کوئی فکر نہیں ہے، امیر حکمرانوں کی بے حسی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ وہ اب عوامی مسائل کے حل کیلیے زبانی کلامی دعوے بھی نہیں کر رہے، اس وقت ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے عوام الیکشن سے مائنس ہوچکے ہیں اور سیاسی جماعتوں کو عوام کے مسائل کا کوئی ادراک نہیں ہے، انھوں نے کہا کہ اگر عوام امیر حکمرانوں اور اشرافیہ سے انتقام لینا چاہتے ہیں تو ان کو اپنے ووٹ کا درست استعمال کرنا ہوگا، عوام کو اپنے اندر سے قیادت کھڑی کرنا ہوگی، امیر سیاستدانوں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے اپنے جیسے عام لوگوں کا اتحاد بنانا ہوگا، جب تک عوام اپنے جیسے لوگوں کو اپنے اتحاد سے قوت نہیں بنائیں گے اور ان کو ایوانوں میں نہیں بھیجیں گے، تب تک اسی طرح ذلیل و خوار ہوتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ برابری پارٹی نے پاکستان بھر میں غریب، محنت کش اور مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے عام لوگوں کو ٹکٹ دیے ہیں، عوام کو چاہیے کہ برابری پارٹی کے امیدواروں کو بھرپور سپورٹ کریں اور الیکشن کے دن انتخابی نشان قلم پر ٹھپہ لگا کر امیر حکمرانوں اور اشرافیہ سے اپنی محرومیوں کا انتقام لیں۔