فیصل آباد میں ضلعی عملدرآمد کمیٹی برائے انسداد تمباکو نوشی کے اجلاس کا انعقاد

اتوار 28 جنوری 2024 16:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2024ء) فیصل آباد کو تمباکو نوشی سے پاک شہر بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی عملدرآمد کمیٹی برائے انسداد تمباکو نوشی کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)ڈاکٹر شہاب اسلم کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں '' تمباکو نوشی سے پاک نسل نو'' کے لئے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ سی ای او ایجوکیشن اور ڈائریکٹر کالجز30 سے زائد تعلیمی اداروں میں پائلٹ پراجیکٹ کیلئے منصوبہ بندی کا آغاز کریں گے۔

انسداد تمباکو نوشی قانون کے نفاذ کے لئے ٹاسک فورس کا اجلاس بھی جلد از جلد بلایا جائیگا ماہانہ رپورٹنگ میں تمباکو کنٹرول قانون کو بھی شامل کیا جائے۔پولیس افسران اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مجاز افسران کی تربیت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی،سٹی ٹریفک پولیس اورپاکستان ریلوے ملکر فیصل آباد میں عوامی گاڑیوں کو سموک فری بنائیں گے۔

اس سلسلہ میں تربیتی ورکشاپ،نو سموکنگ کے سٹیکر/ بورڈ لگائے جائیں گے۔ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی پارکس میں سیر وتفریح کے لئے آنے والوں کوبھی تمباکو نوشی کے خطرات سے آگاہ کرنے کیلئے تشہیری مہم کا آغاز کرے گی۔فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی تمام بلڈنگز اور ٹریڈ لائسنسوں کی مکمل تفصیلات کمیٹی کو دے گی اور انسداد تمباکو نوشی قانون کو اس کا حصہ بنائے گا۔

علماء مشائخ کی ایک کانفرنس فیصل آباد میں رمضان کے مہینے سے پہلے منعقد کی جائے گی۔سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال فیصل آباد سول سوسائٹی آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر آگاہی پروگرام کریں گے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد ٹوبیکو سیشن کے ذریعے تمباکو نوشی چھوڑنے والوں کے لئے اقدامات کرے گی۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ تمباکو نوشی سے پاک نسل نو کے حوالہ سے ایم او یو کیا جائے گا۔

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فیصل آباد تمباکو وینڈر لائسنس پر فی الفوراقدامات کرے گا۔منعقدہ اجلاس سے محمد آفتاب احمد وزارت قومی صحت نےفیصل آباد انتظامیہ کی انسداد تمباکو اور تمباکو کے دھویں سے پاک شہر بنانے کے لئے جاری کاوشوں کو سراہا جس کی وجہ سے پاکستان عالمی ادارہ صحت کے علاقائی ملکوں میں سر فہرست ہے۔اجلاس میں صادق الحسن ڈویژنل کوآرڈینیٹر برائے تمباکو نوشی سمیت ہیلتھ،سٹی پولیس، ٹریفک پولیس،پنجاب فوڈ اتھارٹی، سوشل ویلفیئر،ایکسائز،لوکل گورنمنٹ،ایجوکیشن،ڈائریکٹر کالجز آفس،ماحولیات،ریلوے سمیت تمام اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔